رسائی کے لنکس

ایشز سیریز میں فتح: آسٹریلوی کھلاڑیوں کے جشن میں پولیس کی انٹری


آسٹریلیا نے پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں مہمان انگلینڈ کو چار صفر سے شکست دی ہے۔
آسٹریلیا نے پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں مہمان انگلینڈ کو چار صفر سے شکست دی ہے۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز جیتنے کا جشن منا رہے تھے کہ اس دوران پولیس کی انٹری کے بعد انہیں اپنا جشن روکنا پڑا۔

ہوبارٹ کے کراؤن پلازہ میں آسٹریلوی کھلاڑی اتوار کی شب جیت کا جشن مناتے رہے۔ یہ جشن اس قدر طویل ہوا کہ اس میں انگلش کھلاڑی بھی شامل ہو گئے۔

کراؤن پلازہ کے ٹیرس میں آسٹریلوی کرکٹرز نیتھن لیون، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری موجود تھے جو اپنے انگلش ساتھی کھلاڑی جیمز اینڈرسن اور جو روٹ کے ہمراہ شراب نوشی کر رہے تھے۔

کھلاڑیوں کے جشن سے پریشان ہونے والے ہوٹل میں موجود بعض افراد نے پولیس کو شکایت کی جس پر پولیس اہلکار فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ اہلکاروں کے پہنچنے پر کھلاڑیوں نے جشن بھی روک دیا۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کے جشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں چار پولیس اہلکاروں اور ہوٹل عملے کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ نیتھن لیون، جو روٹ، الیکس کیری، جیمز اینڈرسن اور ٹریوس ہیڈ بہت زیادہ شور مچا رہے تھے۔

ویڈیو میں ایک خاتون پولیس افسر کو یہ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے کہ "آپ کو پارٹی ختم کرنے کا کہا گیا تھا اور ایسا نہ ہونے پر ہمیں آنا پڑا۔"

کھلاڑیوں کی ویڈیو بنانے والے شخص کو بھی یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ یہ صرف ایک ویڈیو ہے جو وکیلوں کے لیے ہے۔ یہ برا وقت ہے۔

'پولیس مزید کوئی ایکشن نہیں لے رہی'

تسمانیہ پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہوٹل کے فنکشن ایریا میں شراب نوشی کرنے والے افراد کی جانب سے شور شرابے کی شکایت موصول ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق ہوٹل میں موجود مہمانوں نے پیر کی صبح تقریباً چھ بجے اہلکاروں سے بات چیت کی اور پولیس کے کہنے پر مہمان اس مقام سے چلے گئے۔ جس کے بعد پولیس مزید کوئی ایکشن نہیں لے رہی۔

گراؤنڈ میں بھی شراب کی بوتل کھول کر جشن

آسٹریلوی کھلاڑی سیریز جتنے کی خوشی کا اظہار شیمپئن (شراب) کی بوتل کھول کر کرتے ہیں اور اتوار کو بھی کینگروز کھلاڑیوں نے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن کے دوران کچھ ایسا ہی کیا۔

یہ جشن پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل ایشز سیریز میں مہمان انگلینڈ کو چار صفر سے شکست دینے کی خوشی میں منایا جا رہا تھا۔

اس موقع پر آسٹریلوی اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ ٹرافی کے ہمراہ جشن منانے سے دور رہے۔ کیوں کہ انہیں علم تھا کہ جیت کا جشن شیمپئن کی بوتل کھول کر منایا جائے گا۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کو دور کھڑا دیکھ کر انہیں قریب بلایا اور اس موقع پر ساتھی کھلاڑیوں نے ہاتھ میں شیمپئن کی بوتل ہوتے ہوئے بھی اسے نہ کھولا۔

تمام کھلاڑیوں کی ٹرافی کے ہمراہ تصویر لیے جانے کے بعد فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے شیمپئن کی بوتلیں کھولیں اور عثمان خواجہ فوری وہاں سے دور ہو گئے۔

XS
SM
MD
LG