رسائی کے لنکس

جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں لینے والے واحد فاسٹ بالر بن گئے


جیمز اینڈرسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے بالرز کی فہرست میں چوتھی پوزیشن بھی حاصل کر لی ہے۔
جیمز اینڈرسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے بالرز کی فہرست میں چوتھی پوزیشن بھی حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا اور سیریز میزبان ٹیم نے 0-1 سے اپنے نام کر لی۔ جب کہ انگلش فاسٹ بالر جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے واحد فاسٹ بالر بن گئے ہیں۔

جیمز اینڈرسن نے منگل کو پاکستان کے خلاف ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے پانچویں روز کپتان اظہر علی کی وکٹ حاصل کی تو انہوں نے اپنے کریئر میں 600 وکٹوں کا ہندسہ بھی مکمل کیا۔

اس طرح وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 600 وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بالر اور یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے چوتھے بالر بن گئے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں سری لنکن سابق اسپنر متھیا مرلی دھرن کے پاس ہیں جنہوں نے 133 ٹیسٹ کھیل کر 800 وکٹیں حاصل کیں۔

اسی طرح آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن 708 اور سابق بھارتی لیگ اسپنر انیل کمبلے اپنے کریئر میں 619 وکٹیں لے چکے ہیں۔

جیمز اینڈرسن واحد فاسٹ بالر ہیں جن کے کریئر میں 600 وکٹیں ہیں اور وہ اب بھی ٹیسٹ کرکٹ کا حصہ ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ سو وکٹوں کا ہندسہ مکمل کرنے والے فاسٹ بالرز میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بالر گلین میگرا 563، ویسٹ انڈیز کے سابق بالر کورٹنی والش 519 اور انگلش ٹیم کی پیس بیٹری کا اب بھی حصہ رہنے والے اسٹوورٹ براڈ 514 وکٹوں کے ساتھ شامل ہیں۔

جیمز اینڈرسن اور اسٹوورٹ براڈ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم میں فاسٹ بالنگ کا نمایاں ہتھیار ہیں۔

اڑتیس سالہ اینڈرسن کی کارکردگی میں بھی مسلسل نکھار آتا جا رہا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ان کی کارکردگی کا تناسب 21 رہا۔ اس سے قبل ان کے کریئر کی کارکرگی کی اوسط 26 اعشاریہ 77 تھی۔

اینڈرسن کئی مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ وہ آسٹریلیا میں 22-2021 میں ایشز سیریز کھیلنے کے خواہش مند ہیں اور اپنے کریئر میں مزید وکٹیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG