رسائی کے لنکس

فیس بک نے سالگرہ کی پارٹی منسوخ کردی


فیس بک نے سالگرہ کی پارٹی منسوخ کردی
فیس بک نے سالگرہ کی پارٹی منسوخ کردی

فیس بک ، ٹویٹر اور دوسرے سوشل میڈیا نے جہاں مشرق وسطی ٰ کے کئی ممالک میں عوامی انقلابوں کی راہ ہموار کی ہے، وہیں آسٹریلیا کی ایک طالبہ کو اپنی سالگرہ کی پارٹی منسوخ کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سڈنی کے علاقے میں ایک طالبہ نے فیس بک کے ذریعے اپنے دوستوں کو اپنی 16 سالگرہ میں شرکت کی دعوت دی ۔ دعوت نامے میں گھر کا پتا دیتے ہوئے کہا گیاتھا کہ وہ اپنے دوستوں اور ہم جماعتوں کو بھی ساتھ لاسکتے ہیں۔مگر کسی نامعلوم وجہ سے سالگرہ کا دعوت نامہ کسی شخص نے دوبارہ انٹرنیٹ پر جاری کردیا اور وہ وائرس کی طرح دنیا بھر میں پھیل گیا۔

دعوت نامے کی اشاعت کےپہلے ہی 24 گھنٹوں میں 20 ہزار افراد نے پارٹی میں اپنی شمولیت کا عندیہ ظاہر کیا۔ اور منگل تک اس تعداد میں مزید ایک لاکھ 80 ہزار کا اضافہ ہوگیا۔

صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر طالبہ کے والدین کو سالگرہ کی پارٹی منسوخ کرنے کا اعلان کرنا پڑا۔

علاقے میں پولیس کا گشت جاری ہے تاکہ سالگرہ کا کیک کھانے کی خواہش میں آنے والے ممکنہ افراد کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔

آسٹریلیا میں 2008ء میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آچکاہے جب سکول کی ایک طالبہ نے ، جب اس کے والدین شہر سے باہر گئے ہوئے تھے،فیس بک پر ایک پارٹی کا دعوت نامہ جاری کیاتھا۔ دعوت نامے کے جواب میں 500 کے لگ بھگ لوگ وہاں پہنچ گئے اور اس موقع پر ہونے والے ہنگامے اورشور شرابے پر قابو پانے کے لیے پولیس کو فوجی دستے اور سدھائے ہوئے کتوں کی مدد حاصل کرنی پڑی تھی۔

XS
SM
MD
LG