رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: صومالی نژاد مسلمان پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام


آسڑیلوی پولیس کے اہل کار اس جگہ کا معائنہ کر رہے ہیں جہاں ایک مشتبہ شخص نے فائرنگ کی تھی۔ فائل فوٹو

آسٹریلیا کے وفاقی وزیر انصاف مائیکل کینن نے کہا ہے کہ یہ گذشتہ تین برسوں میں وہ چودہواں مبینہ منصوبہ تھا جسے قومی سیکیورٹی کے اداروں اور پولیس نے ناکام بنایا ہے۔

آسٹریلیا میں پولیس نے ایک شخص پر میلبورن میں نئے سال کی تقربیات کے دوران ایک دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا ہے۔ عہدے داروں نے کہا ہے کہ اس بیس سالہ مسلمان شخص کو اگر مجرم پایا گیا تو اسے عمر قید ہو سکتی ہے۔

تفتیش کار اس بظاہر منصوبے کو امکانی طور پر بحراني قرار دے رہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص نے جو ایک صومالي نژاد آسٹریلوی شہری ہے، مبینہ طور پر میلبورن کے مرکز میں واقع فیڈریشن اسکوائر میں نئے سال کی ایک پارٹی کے دوران، ایک خود کار رائفل کے ساتھ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

عہدے داروں کا خیال ہے، وہ شخص، جس کا نام نہیں بتایا گیا، تنہا کام کر رہا تھا اور اس نے ایسے کسی حملے کے بارے میں القاعدہ کی ہدایات کا ایک کتا بچہ آن لائن حاصل کیا تھا۔ وہ مبینہ طور پر عسکریت پسند گروپ داعش کا بھی ہمدرد تھا۔

ڈپٹی کمشنر شین پیٹان کا کہنا ہے کہ عہدے دار جنوری کے مہینے سے اس شخص کی سر گرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شخص ہمارے لیے ایک بہت خطرناک شخص ہے جس پر نظر رکھنا انتہائی ضروری تھا۔ ہم بہت طویل عرصے سے اس پر نظر رکھے ہوئے تھے ۔ وہ ایک آسٹریلوی شہری ہے جس کے والدین صومالیہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔اس پر یہ الزامات ہیں کہ وہ ایک دہشت گرد کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور یہ کہ اس نے ایسا کرنے کے لیے ایک گن حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

اس شخص کو پیر کے روز میلبورن کے مضافات میں اس کے گھر اور اس کے ایک رشتے دار کی زیر ملکیت ایک عمارت پر پولیس کے ایک اچانک چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

آسٹریلیا کے وفاقی وزیر انصاف مائیکل کینن نے کہا ہے کہ یہ گذشتہ تین برسوں میں وہ چودہواں مبینہ منصوبہ تھا جسے قومی سیکیورٹی کے اداروں اور پولیس نے ناکام بنایا ہے۔

اگست کے مہینے میں پولیس نے کہا کہ اس نے سڈنی ایئر پورٹ پر ایک ہوائی جہاز میں ایک بم اسمگل کرنے اور زہریلی گیس چھوڑنے کی دو سازشوں کو ناکام بنایا ۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG