رسائی کے لنکس

ایان علی کی شوبز میں واپسی، سات گانے ریلیز کرنے کا اعلان


ماڈل ایان علی گزشتہ دو برس سے سوشل میڈیا سے بھی دور تھیں۔ اب انہوں نے سوشل میڈیا پر ہی شوبز میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔
ماڈل ایان علی گزشتہ دو برس سے سوشل میڈیا سے بھی دور تھیں۔ اب انہوں نے سوشل میڈیا پر ہی شوبز میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔

کرنسی اسمگلنگ کیس میں ضمانت پر رہائی پانے والی پاکستانی گلوکارہ اور ماڈل ایان علی نے شوبز میں واپسی آنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایان علی نے رواں سال مارچ میں بھی سوشل میڈیا پر شوبز میں واپسی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد ہی واپس آئیں گی۔

انہوں نے شوبز میں واپسی کے اعلان کے ساتھ اپنے سات نئے گانے جلد ریلیز کیے جانے کی نوید سنائی ہے۔

ان کی سوشل میڈیا پر واپسی انسٹاگرام کی ایک پوسٹ سے مارچ میں ہوئی تھی۔ یہ پوسٹ انہوں نے چار سال بعد کی تھی۔

وہ 2018 تک سوشل میڈیا پر متحرک رہیں لیکن اس دوران کرنسی اسمگلنگ کیس میں انہیں حراست میں لیا گیا جس کے بعد سے وہ سوشل میڈیا پر نظر آنا بند ہو گئی تھیں۔

ہفتے کو واپسی سے متعلق انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے اپنے تمام پرستاروں کو حمایت کرنے اور اظہارِ محبت پر شکریہ ادا کیا۔

ایان علی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت فخر محسوس کررہی ہوں۔

ان کے بقول پانچ سال پہلے ریلیز ہونے والا ان کا گانا 'ارتھ کوئیک' لوگوں کو اب بھی یاد ہے اور اسے آج بھی سنا جا رہا ہے۔

ایان علی کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق اس گانے کو ساؤنڈ کلاؤڈ پر اب تک تین کروڑ سے زائد افراد سن چکے ہیں جب کہ یوٹیوب پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد اس گانے کی ویڈیو دیکھ چکے ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس بات کا بھی برملا اظہار کیا کہ ان کے پرستار 2009 سے اب تک مسلسل ان سے پیار کرتے آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دعا گو ہیں کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اس پیار میں اضافہ ہو۔

ایان علی نے بتایا ہے کہ وہ کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں جو جلد ہی منظر عام پر آ جائیں گے۔

ان کے مطابق ان کے سات نئے گانے جلد ہی ریلیز کردیے جائیں گے۔

ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے دبئی جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔

ان کے قبضے سے 5 لاکھ ڈالرز برآمد ہوئے تھے جس کے بعد ان پر کرنسی اسمگلنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ مقدمہ درج ہوا اور چار ماہ بعد جیل سے رہائی ملی۔

منی لانڈرنگ کے الزام میں ان کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ پر بھی ڈالا گیا تاہم جیل سے رہائی کے بعد ان کا نام اس لسٹ سے خارج کر دیا گیا اور وہ بیرون ملک منتقل ہوگئی تھیں۔

وہ چار سال سے شوبز اور سوشل میڈیا سے غائب تھیں تاہم اب دوبارہ سے ان کی واپسی ہو رہی ہے۔

ایان علی تنازعات میں گھیرے رہنے کے باوجود 2015 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی 10 شخصیات میں دوسرے نمبر پر تھیں۔ لوگ ان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کے خواہش مند تھے اسی سبب وہ گوگل پر سرچ کی جانے والی مقبول شخصیات میں شمار ہوئیں۔

جس زمانے میں ان پر مختلف عدالتوں میں کیسز کی سماعت ہو رہی تھی پاکستان کا الیکٹرونک میڈیا اس کیس کو بھر پور انداز سے کور کرتا رہا اور لوگ ایان علی سے متعلق کیسز میں بہت زیادہ دلچسپی بھی لے رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG