رسائی کے لنکس

بابر اعظم کا انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ سے معاہدہ


بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میری نظریں انگلینڈ میں ٹی 20 کرکٹ کھیلنے کے نئے چیلنج پر لگی ہیں، کلب کی فتوحات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ نے پاکستان کے بیٹسمین بابر اعظم کے ساتھ ٹی 20 بلاسٹ کے موسم گرما سیزن کے لئے معاہدہ کرلیا ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں موجودہ نمبرون بیٹسمین بابر اعظم جولائی میں سمرسیٹ کو جوائن کریں گے، وہ گروپ مرحلے کے تمام میچز اور ممکنہ طور پر کوارٹر فائنل کے لئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

اگر سمرسیٹ کی ٹیم فائنل مرحلے تک کوالیفائی کرتی ہے تو بابر اعظم کی دستیابی پاکستان ٹیم کے ساتھ اُن کی مصروفیات پر منحصر ہے۔ تاہم اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز تک ورلڈ کپ کے بعد اُن کا کوئی میچ شیڈول نہیں ہے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میری نظریں انگلینڈ میں ٹی 20 کرکٹ کھیلنے کے نئے چیلنج پر لگی ہیں، کلب کی فتوحات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔

بابر اعظم ان دنوں انگلینڈ کے خلاف سیریز اور کرکٹ ورلڈکپ 2019ء کے لئے برطانیہ میں ہیں، وہ اپنے ہم وطن اظہر علی کی جگہ بحیثیت اوورسیز پلیئر سمرسیٹ کا حصہ بنیں گے، دوسرے اوورسیز کھلاڑی میں ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جیرم ٹیلر شامل ہیں۔

سمرسیٹ کے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈی ہرے نے بابر اعظم کی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقت میں بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل میں دنیا کے سرفہرست بیٹسمین ہیں۔

بابر اعظم نے 2016ء میں اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ پر اپنے ٹی 20 کیریئر کا آغاز کیا تھا، اب تک وہ 29 میچز کھیل چکے ہیں، جن میں 127 اعشاریہ 78 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر ایک ہزار 182 رنز بناچکے ہیں، جس میں 9 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG