رسائی کے لنکس

کوئٹہ: ایف سی قافلے پر بم حملے میں 3 ہلاک


پاکستان کے جنوب مغربی کوئٹہ شہر میں پیر کو نیم فوجی فورس، فرنٹیئر کور، پر بم حملے میں کم از کم دو اہلکار اور ایک خاتون راہگیر ہلاک ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو گاڑیوں میں سوار ایف سی کے اہلکار اپنے ہیڈکوارٹرز کی طرف جا رہے تھے جب ایئر پورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب اُنھیں بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ملک ارشد نے بتایا کہ سڑک کے کنارے کھڑی کی گئی ایک گاڑی میں نصب تقریباً 40 کلوگرام بارودی مواد میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔

اُنھوں نے کہا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ایف سی کے دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ اس کی زد میں آکر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ایک خاتون زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

رواں ماہ کے دوران کوئٹہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ایف سی اور پولیس کے اہلکاروں پر تواتر سے کیے گئے حملوں میں کم از کم نصف درجن افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور ان میں سے بیشتر حملوں کی ذمہ داری کالعدم بلوچ عسکری تنظیمیں قبول کر چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG