رسائی کے لنکس

بان کی مون رواں ہفتے شمالی کوریا کا دورہ کریں گے: رپورٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اقوام متحدہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں اس دورے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیاگیا ہے تاہم بیان میں کہا گیا کہ بان کی مون ہمیشہ سے کہتے رہے ہیں کہ وہ جزیرہ نما کوریا میں امن اور مذاکرات میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے یونہاپ نے پیر کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون رواں ہفتے شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کا دورہ کریں گے۔

تاہم نہ تو جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ اور نہ ہی اقوام متحدہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

یونہاپ نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں نام ظاہر کیے بغیر اقوام متحدہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بان کی مون کی شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ سے ملاقات متوقع ہے جسے شمالی کوریا کے لیے سفارتی لحاظ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کے خبررساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ دورہ ممکنہ طور پر جزیرنما کوریا کے مسئلے کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

بان کی مون کا اپنا تعلق بھی جنوبی کوریا سے ہے اور انہوں نے اس سے پہلے اس سال شمالی کوریا میں ایک صنعتی پارک کا دورہ کرنے کا ارادہ کیا تھا جس کے انتظام کی مشترکہ ذمہ داری دونوں کوریائی ممالک کے پاس ہے۔

تاہم پیانگ یانگ نے اس دورے کی اجازت کو آخری وقت میں بغیر کوئی وجہ بتائے منسوخ کر دیا تھا۔

اقوام متحدہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں اس دورے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا تاہم بیان میں کہا گیا کہ بان کی مون ہمیشہ سے کہتے رہے ہیں کہ وہ جزیرہ نما کوریا میں امن اور مذاکرات میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اقوام متحدہ، یورپی یونین اور امریکہ کی طرف سے شمالی کوریا پر اس کے میزائل اور جوہری پروگرام کی وجہ سے سخت پانبدیاں عائد ہیں۔

جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے یونہاپ کی رپورٹ کی تصدیق نہیں کی جبکہ یونیفیکیشن وزارت نے کہا کہ بان کی مون نے شمالی کوریا کا دورے کرنے کے حوالے سے جنوبی کوریا کی حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔

گزشتہ دسمبر میں شمالی کوریا میں انسانی حقوق سے متعلق اقوم متحدہ کی ایک انکوئری رپورٹ کے بعد جنرل اسمبلی نے سلامتی کونسل سے شمالی کوریا کے انسانیت کے خلاف مبینہ جرائم کے معاملے کو عالمی فوجداری عدالت میں بھیجنے کی سفارش کی تھی۔

اس سے پہلے اقوام متحدہ کے دو سابق سیکرٹری جنرل اپنے دور منصب میں شمالی کوریا کا دورہ کر چکے ہیں۔ کرٹ والڈہیم نے1979 اور اس کے بعد دوسری بار 1981 میں شمالی کوریا کے دارالحکومت کا دورہ کیا تھا جبکہ بطرس بطرس غالی نے 1993 میں شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG