رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کے کرکٹر عرفات سنی گرفتار


عرفات سنی (فائل فوٹو)
عرفات سنی (فائل فوٹو)

عرفات سنی کو سائبر قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا اور ان پر یہ الزام ثابت ہو جاتا ہے کہ انھیں 14 سال قید یا ایک لاکھ 26 ہزار 340 ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عرفات سنی کو فیس بک پر جعلی اکاؤنٹ بنا کر اپنی دوست کی نجی تصاویر جاری کرنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

ڈھاکا پولیس کے مطابق 30 سالہ باؤلر کو امین بازار کے علاقے میں واقع ان کے گھر سے اتوار کو حراست میں لیا گیا۔

ان کی ایک دیرینہ خاتون دوست نے دو ہفتے قبل اس بابت شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے یہ کارروائی کی۔

پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار جمال الدین میر نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی "اے ایف پی" کو بتایا کہ سنی کی دوست نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا تھا کہ "سنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اس کا ایک جعلی اکاؤنٹ بنایا اور دونوں کی نجی تصاویر اس پر اپ لوڈ کیں جو خاتون کے مطابق جارحانہ اور ہتک آمیز تھیں۔"

عرفات سنی کو سائبر قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا اور ان پر یہ الزام ثابت ہو جاتا ہے کہ انھیں 14 سال قید یا ایک لاکھ 26 ہزار 340 ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

میر کا کہنا تھا کہ سنی کو گرفتار کر کے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مزید پوچھ گچھ کے لیے انھیں پانچ دن پولیس کی تحویل میں رکھنے کی اجازت دی جائے۔

بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری نے "اے ایف پی" کو بتایا کہ "یہ (سنی کا) ذاتی معاملہ لگتا ہے، ہم اس پر رائے نہیں دینا چاہتے۔ تاہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔"

بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے اسپنر عرفات سنی نے اب تک اپنے ملک کی طرف سے 16 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں شرکت کر رکھی ہے جس میں انھوں نے 24 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 10 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں بھی حصہ لے کر دس وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔

2016ء کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے دوران ان کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیے جانے پر انھیں بین الاقوامی میچوں میں شرکت سے معطل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ بنگلہ دیش کی مقامی کرکٹ میں ہی حصہ لیتے آرہے ہیں۔

حالیہ برسوں میں بنگلہ دیش کے وہ تیسرے قومی کرکٹر ہیں جنہیں پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

قبل ازیں فاسٹ باؤلر روبیل حسین کو 2015ء میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ان کی منگیتر ہونے کا دعویٰ کرنے والی ایک اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے اس سے جنسی زیادتی کی ہے۔

روبیل کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا جب کہ بعد ازاں خاتون نے اپنا الزام واپس لے لیا تھا۔

ایک اور قومی کھلاڑی شہادت حسین اور ان کی اہلیہ کو پولیس نے 11 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ مقدمے کی کارروائی کے بعد عدالت نے دونوں میاں بیوی کو بری کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG