رسائی کے لنکس

فرانس: راہگیروں پر ٹرک سے حملہ، کم از کم 70 ہلاک


عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اُنھیں پورا یقین ہے کہ یہ ’’دانستہ طور پر کیا جانے والا حملہ ہے‘‘، کیونکہ جس سڑک پر راہگیر جار رہے تھے، وہ ٹریفک کے لیے بند تھا اور ڈرائیور نے ’’جان بوجھ کر ٹرک کو لوگوں کے اوپر چڑھا دیا‘‘

فرانس کے شہر نئیس میں جمعرات کی شام گئے ’بیسل ڈے‘ کی خوشیاں منا کر واپس آنے والے راہگیروں کے اوپر ایک ٹرک چڑھا دیا گیا، جس حملے میں کم از کم 70 افراد ہلاک، جب کہ 100 زخمی ہوگئے۔

حکام نے سرکاری طور پر اِسے دہشت گردی کا واقعہ قرار نہیں دیا۔ تاہم، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اُنھیں پورا یقین ہے کہ یہ ’’دانستہ طور پر کیا جانے والا حملہ ہے‘‘، کیونکہ جس سڑک پر راہگیر جار رہے تھے، وہ ٹریفک کے لیے بند تھا اور ڈرائیور نے ’’جان بوجھ کر ٹرک کو لوگوں کے اوپر چڑھا دیا‘‘۔

سفید رنگ کا بڑا ٹرک ’فریٹر کیریئر‘ یا پھر بڑی وین لگ رہا تھا۔ تیز رفتاری سے لوگوں کے اوپر چڑھنے کے بعد ٹرک کا اگلا حصہ ٹوٹ چکا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈرائیور نے ٹرک کو براہ راست لوگوں کے اوپر چڑھایا، اور اس کی رفتار مزید تیز ہوتی گئی، جب کہ وسیع علاقے میں لوگوں کی لاشیں بکھر گئیں۔

ابھی یہ واضح نہیں آیا ٹرک چلانے والا ہلاک ہوا یا نہیں۔ فرانسیسی ذرائع ابلاغ میں آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق، موجود لوگوں نے اُسے گھسیٹ کر نیجے اتارا اور خوب درگت بنائی؛ جب کہ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اُسے پولیس نے گولی مار کر ہلاک کیا۔

فرانسیسی ٹیلی ویژن نے ٹرک کی وِنڈ شیلڈ دکھائی ہے جو گولیاں لگنے سے چھلنی ہوچکی ہے۔


XS
SM
MD
LG