رسائی کے لنکس

اسٹاک مارکیٹ کی پس پردہ کہانی سینما کے پردے پر


سیف علی خان
سیف علی خان

بڑے شہر میں بہت سے بازار ہوتے ہیں۔ لیکن سب سے بڑا بازار اسٹاک مارکیٹ کو مانا جاتا ہے۔ ہر روز اس بازار میں بہت سی کہانیاں جنم لیتی ہیں۔ ایک کہانی پر بنائی گئی فلم نمائش کے لیے تیار ہے جس کا نام ہے بازار!

سیف علی خان کی اس نئی فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے جس میں وہ ایک کاروباری شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک ایسے شخص کا کردار، جس کی زندگی کا مقصد روپیہ کمانا ہے۔

فلم کا ٹریلر دلچسپ ہے۔ ہیرو کا دوست دیپو اسے سمجھاتے ہوئے کہتا ہے، ’’دھیرے دوڑ۔ زندگی میراتھون ہے، کوئی اسپرنٹ نہیں۔‘‘ ہیرو سوال کرتا ہے، ’’دنیا کا سب سے اچھا میراتھون رنر کون ہے؟‘‘ دیپو جواب نہیں دے پاتا۔ ہیرو پوچھتا ہے، ’’اور ہنڈرڈ میٹرز چیمپین؟‘‘ دیپو بتاتا ہے، ’’یوسین بولٹ۔‘‘ ہیرو کہتا ہے، ’’میراتھون میں دوڑنے والوں کو کوئی یاد نہیں رکھتا دیپو۔‘‘

فلم کا پوسٹر گزشتہ سال مئی میں سامنے آیا تھا اور اس پر دسمبر 2017 کو ریلیز کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی تکمیل میں کافی تاخیر ہوئی ہے۔ پوسٹر پر ڈائیلاگ درج تھا: ’’یہاں پیسہ بھگوان نہیں لیکن بھگوان سے کم بھی نہیں۔‘‘

سیف علی خان اس سے پہلے بھی کئی تجرباتی فلموں میں کام کرچکے ہیں اور بازار بھی ایک تجربہ ثابت ہوگی جس میں ایکشن اور مار دھاڑ کے بجائے اعصاب کی جنگ دیکھنے کو ملے گی۔

فلم کے ڈائریکٹر گورَو کے چاولہ ہیں جبکہ کاسٹ میں رادھیکا آپٹے اور روہن مہرا بھی شامل ہیں۔ بازار 26 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

XS
SM
MD
LG