رسائی کے لنکس

 ہنٹر  کا اعترافِ جرم کا فیصلہ ،صدر بائیڈن کی حمایت


 امریکی صدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن، فائل فوٹو
امریکی صدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن، فائل فوٹو

امریکی صدر جو بائیڈن نےمنگل کے روز اپنے بیٹے ہنٹر کے لئے حمایت کا اظہار کیا ، جنہوں نے وفاقی انکم ٹیکس کی ادائیگی میں ناکامی کے دو الزامات اور غیر قانونی طور پر ایک گن رکھنے کاجرم قبول کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن کے بیٹےہنٹر بائیڈن نے جسٹس ڈپارٹمنٹ کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت 2017 او ر 2018 میں وفاقی ٹیکس کی بر وقت ادائیگی نہ کرنے اور آتشیں اسلحہ رکھنے سے متعلق الزامات پر اعترافِ جرم کریں گے جس کے بعد ان کے لئے قید کی سزا کا امکان ختم ہو جائے گا۔

عدالت کی ایک دستاویز کے مطابق صدر کے 53 سالہ بیٹے جو ایک عرصے تک کوکین کے نشے کے عادی رہ چکے ہیں اور سمندر پار کاروباری معاملات پر تفتیشی کارروائیوں کا مرکز رہےہیں، 2017 اور 2018 میں ٹیکس کی بر وقت ادائیگی میں نا کامی کے دو الزامات پر اعترا ف جرم کریں گے اور پروبیشن پر راضی ہوں گے۔

عدالتی دستاویز کے مطابق جسٹس ڈپارٹمنٹ ہنٹر بائیڈن پر الزام عائد کرے گا لیکن ان پر 2018 میں ایک ہینڈ گن خریدنے کی بناء پر مقدمہ نہیں چلائے گا جب کہ وہ منشیات کا استعمال کر رہے تھے ، اگرچہ انہوں نے خریداری کی ایک دستاویز میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ منشیات کا استعمال نہیں کرتے ۔

اس معاہدے کے تحت ہنٹر کو دوسال تک منشیات کااستعمال نہیں کرنا ہو گا اور آئندہ کبھی آتشیں اسلحہ نہیں رکھنا ہو گا۔

یہ معاہدہ ہنٹر بائیڈن کے وکلاء اور مشرقی ریاست ڈیلاویئر کے امریکی اٹارنی جنرل ڈیوڈ ویس کے درمیان کئی مہینوں تک گفت وشنید کے بعد طے پایا۔

ہنٹر بائیڈن کے وکیل کرسٹو فر کلارک نے ایک بیان میں کہا،" میرےکلائنٹ ہنٹر بائیڈن اور ڈسٹرکٹ ڈیلاوئیر کے امریکی اٹارنی کے دفتر کے درمیان دو معاہدوں کے اعلان کے ساتھ میں سمجھتا ہوں کہ ہنٹر کے کیس کی پانچ سالہ تفتیش کا مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔"

بیان میں کہا گیا کہ میں جانتا ہوں کہ ہنٹر یہ سمجھتے ہیں کہ ان غلطیوں کی ذمے داری قبول کرنا اہم ہے جوانہوں نے اپنی زندگی میں پریشانی کے ایک دور میں کی تھیں جب کہ وہ منشیات کا استعمال بھی کر رہے تھے۔

ہنٹر بائیڈن توقع ہے کہ جلد ڈیلاوئیر کی ایک وفاقی عدالت میں پیش ہوں گے۔ وہ ٹیکس کے الزامات کا بھی اعتراف کریں گے۔اگر آخری لمحوں میں کوئی پیچیدگی نہ ہوئی تو ان کےلئےقید کی سزا کا امکان نہیں ہے۔

وائٹ ہاوس کے ترجمان ایان سیمز نے ایک بیان میں کہا کہ ،"صدر اور خاتون اول اپنے بیٹے سے پیار کرتےہیں اور اس کی حمایت کرتےہیں جب کہ وہ اپنی زندگی کی" از سر نوتعمیر جاری رکھے ہوئے ہے"۔ ہم مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

یہ معاہدہ ایسے میں ہوا ہےجب محکمہ انصاف میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وفاقی فوجداری الزامات کا سامنا ہے جنہوں نے ہنٹر بائیڈن کے معاہدےکو محض ٹریفک ٹکٹ قرار دیا ہے ۔

ہنٹر بائیڈن کو طویل عرصہ سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا سامنا رہا ہے، جن میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے کاروبار میں سیاسی تعلقات سے فائدہ اٹھایا۔ٹرمپ اور ایوان کےری پبلکنز ایک عرصے تک ہنٹر کے یوکرین اور چین میں کاروباری سودوں کو بائیڈن کے خاندان کی مبینہ بد عنوانیوں سے جوڑنے کی کوشش کر چکےہیں۔

صدر ٹرمپ اور ان کے حلیف الزام عائد کرتے ہیں کہ اپنے والد کے نائب صدر کے منصب کے دور میں ہنٹر بائیڈن یوکرین میں کاروباری بد عنوانیوں کے مرتکب ہوئے۔ ان الزامات کا کوئی ثبوت پیش کیے بغیر وہ کہتے ہیں کہ سابق صدر باراک اوباما کے دور میں ہنٹر بائیڈن، یوکرین سے امریکی انتظامیہ کےمعاملات چلاتے تھے۔

53سالہ ہنٹر بائیڈن اور امریکی استغاثہ کے درمیان ہونے والے معاہدے کو اب بھی وفاقی جج سے منظوری درکار ہوگی۔

اس رپورٹ کا مواد اےایف پی اور اے پی سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG