رسائی کے لنکس

بائیڈن کی حلف برداری کو ٹی وی نیٹ ورکس پر چار کروڑ افراد نے دیکھا


جو بائیڈن اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں۔ 20 جنوری 2021
جو بائیڈن اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں۔ 20 جنوری 2021

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس بار صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب زیادہ تر ورچوئل تھی اور اسے لوگوں کی ایک کیثر تعداد نے آن لائن اور ٹی وی کی نشریات میں دیکھا، جن کی تعداد تقریباً چار کروڑ ہے۔

اس سے قبل بھی امریکہ بھر میں صدور کی حلف برداری کی تقریبات کو ٹیلی وژن پر بڑی دلچسپی سے دیکھا جاتا رہا ہے۔

اس سلسلے میں جاری ہونے والے ایک تقابلی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ بائیڈن گزشتہ 40 برس کے دوران رونلڈ ریگن کے بعد پہلے ایسے صدر ہیں جن کی حلف برداری کی تقریب کو زیادہ لوگوں نے دیکھا۔

رپورٹ کے مطابق 1981 میں ریگن کی حلف برداری کو ٹی وی پر لگ بھگ چار کروڑ 10 لاکھ لوگوں نے دیکھا تھا۔

نیلسن کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب کو چھ ٹیلی وژن نیٹ ورکس پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا، جسے نشریات کے دوران تین کروڑ 78 لاکھ سے زیادہ ناظرین نے دیکھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تعداد سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کو ٹیلی وژن پر دیکھنے والوں کی تعداد سے چار فی صد زیادہ ہے۔ چار سال قبل ٹرمپ کی تقریب کو لائیو دیکھنے والوں کی تعداد تین کروڑ تھی۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ اعداد و شمار 20 جنوری صبح 11 بج کر 45 منٹ سے 12 بج کر 15 منٹ تک، یعنی 30 منٹ دورانیئے کے ہیں۔ یہ وہ عرصہ ہے جب بائیڈن نے کیپیٹل ہل پر منعقدہ تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور اس کے بعد قوم سے خطاب کیا تھا۔ اسے اے بی سی، سی بی ایس، اور کیبل نیٹ ورکس فاکس نیوز، سی این این اور ایم ایس این بی سی نے براہ راست نشر کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان اعداد و شمار میں وہ لوگ شامل نہیں ہیں جنہوں نے بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر دیکھا۔ یہ اعداد و شمار کچھ عرصے کے بعد دستیاب ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG