رسائی کے لنکس

صدر بائیڈن کا دورہ ایشیا، توجہ امریکی ٹیکنالوجی سیکٹر کی بحالی پر


صدر بائیڈن سام سنگ پلانٹ کا دورہ کرتے ہوئے
صدر بائیڈن سام سنگ پلانٹ کا دورہ کرتے ہوئے

صدر جو بائیڈن نے امریکی ٹیکنالوجی سیکٹر کی بحالی کی کوششوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے ایشیا کے دورے کا آغاز کردیا ہے۔ انھوں نے جمعہ کو جنوبی کوریا میں سام سنگ کمپیوٹر چپ پلانٹ کا دورہ کیا جو 17 ارب ڈالر کی مالیت سےایک ماڈل سیمی کنڈکٹر فیکٹری آسٹن، ٹیکساس کے باہر تعمیر کر رہی ہے۔

یہ دورہ کمپیوٹر چپس کی سپلائی میں اضافہ کرنے کی بائیڈن کی اہم ملکی ترجیحات کے تحت کیا گیا۔ گزشتہ برس سیمی کنڈکٹر کی کمی سے آٹو، کچن کے آلات اور دیگر سامان کی دستیابی مشکل ہوگئی تھی۔ سپلائی کے اس بحران کی وجہ سے افراط زر میں بھی اضافہ ہوا جس کی وجہ سے بائیڈن کی عوامی مقبولیت میں کمی آئی تھی اور ان کی انتظامیہ گھریلو مینوفیکچرنگ بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے پر مجبور ہوئی تھی۔

بائیڈن جنوبی کوریا اور جاپان کے اپنے چھ روزہ دورے میں خارجہ پالیسی کے بہت سے دیگر مسائل سے نمٹنے کی کوشش کریں گے۔ ایئر فورس ون پر سوار سفر کا جائزہ لیتے ہوئے، وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ ٹیکساس میں سام سنگ کی سرمایہ کاری کا مطلب ہوگا "امریکیوں کے لیے اچھی تنخواہ والی ملازمتیں اورسپلائی چین کی بہتری۔"

کمپیوٹر چپ کی کمی کے باعث اس کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ کرونا کی وبا کے دوران سیمی کنڈکٹر پلانٹس بند رہے جس سے اس کی سپلائی پوری دنیا میں متاثر ہوئی۔ امریکی عہدیداروں کا اندازہ ہے کہ چپ کی پیداوار 2023 کے اوائل تک اس سطح پر نہیں ہوگی جس کی ضرورت ہے۔

سیمی کنڈکٹر انڈسٹری ایسوسی ایشن کے مطابق، اس سال کے پہلے تین مہینوں کے دوران عالمی کمپیوٹر چپ کی فروخت مجموعی طور پر 151.7 بلین ڈالر رہی، جو کہ 2021 کے اسی عرصے سے 23 فیصد زیادہ ہے۔

عالمی طور پر چپ کی پیداوار کا 75 فیصد سے زیادہ ایشیا سے آتا ہےجبکہ امریکی حکومت کی خواہش ہے کہ مقامی سرمایہ کاری کی مدد سے اس کی پیداوار امریکہ میں ہو تاکہ اس کی سپلائی کو تحفظ حاصل ہوجائے۔

تائیوان کے خلاف چینی جارحیت کا خطرہ ممکنہ طور پر اعلیٰ درجے کے کمپیوٹر چپس کی سپلائی کو منقطع کر سکتا ہے، جو امریکہ میں فوجی سامان کے ساتھ ساتھ اشیائے خورونوش کی تیاری میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔ اسی طرح شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائلوں کے تجربے سے جنوبی کوریا کے مینوفیکچرنگ سیکٹر ک کو خطرات لاحق ہیں۔

چپ کی پیداوار کے لحاظ سےچین 24فیصد شیئر کے ساتھ سرفہرست ملک ہے، اس کے بعد تائیوان 21فیصد، جنوبی کوریا 19فیصداور جاپان 13فیصد پیداوار دیتا ہے۔ سیمی کنڈکٹر انڈسٹری ایسوسی ایشن کے مطابق، صرف 10فیصد چپس امریکہ میں بنتی ہیں۔

سام سنگ نے گزشتہ سال نومبر میں ٹیکساس میں پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ توقع ہے کہ یہ پلانٹ 2024 کے دوسرے نصف حصے میں کام شروع کردے گا۔

سام سنگ کے علاوہ، بائیڈن اپنی حالیہ تقاریر میں امریکی فرم انٹیل کی طرف سے کولمبس، اوہائیو کے قریب ایک سیمی کنڈکٹر پلانٹ بنانے کے اعلان پر بھی توجہ مبذول کراتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG