رسائی کے لنکس

logo-print

صدر بائیڈن کے کتے نے وائٹ ہاؤس میں ایک اور شخص کو کاٹ لیا


فائل فوٹو

امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے کتے 'میجر' نے رواں ہفتے وائٹ ہاؤس میں ایک اور شخص کو کاٹ لیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ایک ماہ کے دوران پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

پیر کو خاتونِ اول جل بائیڈن کے پریس سیکریٹری مائیکل لاروسا نے بتایا کہ "میجر نے واک کے دوران ایک شخص کو کاٹ لیا۔"

اُن کے بقول وائٹ ہاؤس کی میڈیکل ٹیم نے متاثرہ شخص کا طبی معائنہ کیا جنہیں کوئی زخم نہیں ہوا اور وہ کام پر واپس بھی آ گئے۔

لاروسا کا کہنا تھا کہ کتا وائٹ ہاؤس میں اب بھی نئے ماحول میں خود کو ڈھالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں موجود رپورٹرز نے 'میجر' کو وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں چہل قدمی کرتے دیکھا تھا جب صدر بائیڈن اور خاتونِ اول ویت نام ویٹرنز میموریل جانے کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔

'میجر' نے آٹھ مارچ کو بھی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کی سیکیورٹی پر تعینات سیکرٹ سروس کے ایک اہل کار کو کاٹ لیا تھا جسے معمولی زخم آئے تھے۔ جس کے بعد اسے وائٹ ہاؤس سے دوسری جگہ منتقل کر دیا تھا۔

'میجر' گزشتہ ہفتے ہی عمر میں بڑے اپنے ساتھی 'چیمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس واپس آیا تھا۔

ایک ماہ کے دوران وائٹ ہاؤس میں کتے کے کاٹنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
ایک ماہ کے دوران وائٹ ہاؤس میں کتے کے کاٹنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

واقعے کے بعد 'اے بی سی' ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر بائیڈن نے کہا کہ "میجر ایک خوش مزاج کتا ہے تاہم اس کے لیے یہ افراد انجان تھے اور وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ وہ اس کی حفاظت کے لیے آگے بڑھے تھے۔"

اس واقعے کے بعد صدر بائیڈن اور خاتونِ اول کے مختلف ریاستوں کے دوروں کے باعث دونوں کتوں کو اُن کی آبائی ریاست ڈیلاویئر بھجوا دیا گیا تھا جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ شاید سزا کے طور پر اُنہیں وائٹ ہاؤس سے منتقل کر دیا گیا ہے۔

البتہ، امریکی صدر نے وضاحت کی تھی کہ اُنہیں سزا کے طور پر نہیں بلکہ اُن کی اور خاتونِ اول کی مصروفیات کی وجہ سے وائٹ ہاؤس سے ڈیلاویئر منتقل کیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری جین ساکی نے کہا کہ "کتے صدر کی آبائی ریاست ڈیلاویئر آتے جاتے رہیں گے اور یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہو گی۔"

واضح رہے کہ صدر بائیڈن کے وائٹ ہاؤس میں آنے کے بعد دونوں پالتو کتے بھی اُن کے ہمراہ وائٹ ہاؤس آ گئے تھے۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق 'میجر' جب سے وائٹ ہاؤس آیا ہے ملازمین کو گھورنا، اُن کی طرف لپکنا اور بھونکنا اس کا معمول ہے۔

تین نومبر کے صدارتی انتخابات کے بعد اسی کتے کے ساتھ کھیلتے ہوئے جو بائیڈن کو پاؤں بھی فریکچر ہو گیا تھا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG