رسائی کے لنکس

امیتابھ بچن پاک بھارت کرکٹ میچ کے کمنٹیٹر؟


میگا اسٹار کو کمنٹری باکس میں بٹھانے اور مائیک شیئر کرنے کے پیچھے ان کی آنے والی فلم ’شمیتابھ ‘ کی پروموشن بھی جڑی ہے۔ کمنٹری کے ساتھ پروموشن کا آئیڈیا کتنا کامیاب ہوا، اس کا اندازہ اس خبر کو ملنے والی اہمیت سے ہی لگایا جا سکتا ہے

پاکستان اور بھارت میں کرکٹ اور بالی وڈ کا کریز تقریباً ایک جیسا ہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کرکٹ کے ستارے اکثر بالی وڈ اور بالی وڈ اسٹارز، کرکٹ کے میدانوں میں جگمگاتے نظر آتے ہیں۔۔۔ لیکن، اس بار بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کرکٹ اسٹیڈیم میں نظر تو آئیں گے، لیکن بالکل مختلف انداز میں۔۔

کرکٹ سے حد درجہ لگاوٴ رکھنے والے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے یہ کہہ کر زوردار سکسر لگا دیا ہے کہ وہ کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں جو پاکستان اور بھارت کے درمیان 15فروری کو آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا، بطور کمنٹیٹر اپنے فن کے جوہر دکھائیں گے۔

اس میچ کے لئے پہلے سے موجود غیرمعمولی جوش و خروش۔۔۔ بگ بی کے اس اعلان سے مزید ہائی ہوگیا ہے۔ میڈیا نے اس خبر کو شہ سرخیوں میں شامل کر لیا ہے ۔ ”ٹائمز آف انڈیا“،” ہندوستان ٹائمز“،”سی این این۔ آئی بی این“ اور” ایشین ایج “ سمیت کوئی بھی ذریعہ ابلاغ ایسا نہیں جس نے بگ بی کے اس اعلان کو نمایاں کوریج نہ دی ہو ۔

امیتابھ بچن کی آنے والی فلم ”شمیتابھ“ کے ڈائریکٹر آر بالکی نے بھی ان خبروں کی تصدیق کی ہے۔ اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ سے بات چیت میں آراے بالکی کا کہنا تھا” امیتابھ شہرہ آفاق کرکٹرز کپل دیو، شعیب اختر اور جانے مانے کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کے ساتھ کمنٹری باکس میں مائیک شیئر کریں گے۔“

بالکی کا مزید کہنا تھا ’امیتابھ کی خوبصورت آواز سے کمنٹری سننے والوں کا مزہ دوبالا ہوجائے گا۔ ساوٴتھ ایشیا کی دوآوازیں ایسی ہیں جو پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں اور وہ آوازیں ہیں لتا منگشیکر اور امیتابھ بچن کی۔‘

درحقیقت میگا اسٹار کو کمنٹری باکس میں بیٹھانے اور مائیک شیئر کرنے کے پیچھے ان کی آنے والی فلم ’شمیتابھ ‘ کی پروموشن بھی جڑی ہے۔ کمنٹری کے ساتھ پروموشن کا آئیڈیا کتنا کامیاب ہوا، اس کا اندازہ اس خبر کو ملنے والی اہمیت سے ہی لگایا جاسکتا ہے۔

امیتابھ بچن نہ صرف بالی وڈ فلموں میں گانے بھی گاچکے ہیں بلکہ بہت سی فلموں میں ان کی آواز میں ڈبنگ بھی ہوچکی ہے جبکہ ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ بالی وڈ میں قدم رکھنے سے پہلے امیتابھ بچن آل انڈیا ریڈیو میں اناوٴنسر بننا چاہتے تھے، لیکن انہیں آڈیشن میں فیل کردیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG