رسائی کے لنکس

امریکہ:'بلیو اینجلز' کے اسکواڈرن میں پہلی خاتون پائلٹ شامل


Blue Angels
Blue Angels

امریکی بحریہ کی فضائی کرتب دکھانے والے اسکواڈرن 'بلیو اینجلز' میں پہلی خاتون پائلٹ کو شامل کرلیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکی بحریہ نے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ لیفٹننٹ اماندا لی ٹیم کے لیے منتخب ہونے والے چھ نئے کور اراکین میں سے ایک ہیں۔

امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر ماؤنڈز ویو سے تعلق رکھنے والی اماندا لی کو گلیڈی ایٹرز کے نام سے مشہور اسٹرائیک فائٹر اسکواڈرن 106 ڈیمونسٹریشن ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو ورجینیا بیچ میں نیول ایئر اسٹیشن اوشینا میں تعینات ہے۔

وہ اور دیگر نئے اراکین ستمبر میں بلیو اینجلز کو رپورٹ کریں گے۔

بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ نیوی اور میرین کورسےخواتین 55 برسوں سے بلیو اینجلز کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہیں لیکن کبھی پائلٹ کے طور پر انہیں اسکواڈرن میں شامل نہیں کیا گیا۔

بلیو اینجلز کو 1946 میں عوامی حمایت حاصل کرنے اور ایئرشوز، کھیلوں کے مقابلے اور دیگر فضائی مظاہروں میں کرتب دکھا کر بحریہ کے حوصلے بڑھانے کے لیے بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ موجودہ موسمِ سرما کے اختتام کے بعد اراکین 2023 کا شو سیزن شروع کرنے سے قبل کیلیفورنیا کے ایک مرکز میں پانچ ماہ کی تربیت حاصل کریں گے۔

اس وقت بلیو اینجلز میں 17 افسران ہیں جو عام طور پر دو سال ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہیں۔

نیوی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ بلیو اینجلز کا مشن فضائی مظاہروں اور کمیونٹی تک رسائی کے ذریعے امریکی نیوی اور میرین کور کی پیشہ وارانہ مہارت اور ٹیم ورک کو ظاہر کرنا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹر' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG