رسائی کے لنکس

سونالی بیندرے بھی کینسر میں مبتلا


تینتیالیس سالہ سونالی کو ’ہائی گریڈ کینسر‘ تشخیص ہوا ہے جس کا امریکہ میں علاج جاری ہے۔

بالی وڈ اور دنیا بھر میں پھیلے بالی وڈ فلموں کے پرستار ابھی ورسٹائل ایکٹر عرفان خان کی سنگین بیماری کے صدمے سے سنبھلے بھی نہیں تھے کہ سینئر ماڈل اور اداکارہ سونالی بیندرے کے کینسر کا شکار ہونے کی خبر سامنے آگئی۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں سونالی بیندرے نے کہا ہے کہ "شدید درد محسوس ہونے پر ٹیسٹ کرائے تو کینسرکا انکشاف ہوا۔ نیویارک میں زیرِ علاج ہوں اور میرا خاندان اور میرے دوست میری ہمت، میرا سہارا بن کر ساتھ کھڑے ہیں۔ کوئی بھی مشکل کی گھڑی میں اس سے زیادہ اور کیا چاہ سکتا ہے۔"

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سونالی کا کہنا ہے کہ انہیں ’ہائی گریڈ کینسر' تشخیص ہوا ہے۔

سونالی 43 سالہ شادی شدہ خاتون ہیں۔ ان کے شوہر کا نام گولڈی بہل ہے اور وہ خود بھی ایک فلم ساز ہیں۔ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔ سونالی نیویارک میں مقیم ہیں۔

اس سے قبل کئی ماہ کی قیاس آرائیوں کے بعد عرفان خان نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ دماغی بیماری نیورو اینڈوکرائن میں مبتلا ہیں۔ وہ ان دنوں لندن میں زیرِ علاج ہیں۔

بالی وڈ میں صرف سونالی بیندرے اور عرفان خان ہی مہلک بیماریوں کا شکار نہیں ہوئے بلکہ بگ بی امیتابھ بچن سمیت بہت سے میگا اسٹارز نے خطرناک بیماریوں کا سامنا کیا اور اپنے حوصلے اور ہمت سے انہیں شکست دی ہے۔

اس لسٹ میں اورکون کون شامل ہے، آئیے نظر ڈالتے ہیں:

ریتھک روشن
ڈیشنگ پرسنالٹی اور خواتین پرستاروں کا بڑا حلقہ رکھنے والے ریتھک روشن کو دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ وہ کسی شدید بیماری کا شکار رہے ہوں گے۔ لیکن حقیقت میں ریتھک روشن نے بھی صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کیا ہے۔ ریتھک روشن کی 2013ء میں دماغ کی سرجری ہوئی تھی جس کا مقصد ایک کلاٹ کو ختم کرنا تھا۔ ریتھک روشن کے دماغ میں یہ کلاٹ کسی فلم کی شوٹنگ کے دوران ایکشن مناظر پکچرائز کراتے ہوئے سر پر لگی چوٹ کی وجہ سے بنا تھا۔

امیتابھ بچن
گزشتہ کئی عشروں سے راج کرنے والے بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے یہ انکشاف کیا تھا کہ ان کے جگر کا 75 فیصد حصہ ختم ہوچکا ہے اورصرف 25 فی صد کام کر رہا ہے۔ امیتابھ بچن کے جگر کو ہیپاٹائٹس بی کے وائرس کی وجہ سے نقصان پہنچا تھا جس کا پتا 2015ء میں معمول کے چیک اپ کے دوران چلا۔ بقول امیتابھ بچن یہ وائرس حادثاتی طور پر ان کے جسم میں داخل ہوا۔

انہیں فلم ’قلی‘ کے سیٹ پر خطرناک حادثے کے بعد خون کی 60 بوتلیں چڑھائی گئی تھیں۔ اس مقصد کے لیے 200 لوگوں نے خون دیا تھا۔ ان میں سے کسی ایک کو ہیپاٹائٹس بی تھا جو بگ بی کے بقول ان کے خون میں بھی داخل ہوگیا۔

’قلی‘ کے حادثے کے تقریباً 18 سال بعد تک سب کچھ نارمل تھا لیکن پھر ایک دن چیک اپ میں جگر کو ہوئے نقصان کا پتا چلا۔

سلمان خان
دبنگ سلمان خان نے اپنے فینز کو 2011ء میں اپنی بیماری سے آگاہ کیا۔ سلمان خان کو چہرے کی رگوں میں شدید تکلیف اور درد کی بیماری trigeminal neuralgia ہے جسے خود کش بیماری suicide disease بھی کہا جاتا ہے۔

سونم کپور
نئی نسل کی فیشن آئیکون سونم کپور 17 سال کی عمر سے ٹائپ ون ذیابیطس یا شوگر کی مریض ہیں۔ سونم باقاعدگی سے انسولین لیتی ہیں تاکہ بلڈ شوگر کنٹرول میں رہے۔ وہ ساتھ ساتھ کھانے پینے میں سخت احتیاط برتتی ہیں اور ایکسر سائز بھی کرتی ہیں۔

دپیکا پڈکون
دپیکا پڈکون 100 کروڑ کمانے والی بہت سے فلموں کی ہیروئن رہی ہیں لیکن وہ بھی ڈپریشن کا شکار رہی ہیں۔ دپیکا پڈکون کا کہنا ہے کہ ڈپریشن کو چھپانے کے بجائے اس پربات کرنی چاہیے تاکہ دوسروں کوبھی فائدہ پہنچے۔

انوشکا شرما
انوشکا شرما نے ووگ میگزین کو انٹرویو میں بتایا ہے کہ وہ اینگزائٹی کی مریضہ ہیں اور باقاعدہ دوائیں لیتی ہیں۔ انوشکا شرما کے بقول یہ ایک بائیولوجیکل پرابلم ہے اور ہمارے خاندان میں ڈپریشن کے بہت سے کیسز ہیں۔

زائرہ وسیم
’سیکرٹ سپر اسٹار‘ اور ’دنگل‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ زائرہ وسیم کو بھی ڈپریشن سے لڑنا پڑا ہے۔ زائرہ کا کہنا ہے کہ ڈپریشن سے نجات کے لیے ہمت رکھنا ضروری ہے۔

منیشا کوئرالہ
’ایک لڑکی کودیکھا تو ایسا لگا۔۔‘ فیم منیشا کوئرالہ 90 کے عشرے کی صفِ اول کی ہیروئنز میں شامل تھیں۔ انہیں 2012ء میں کینسر تشخیص ہوا۔ منیشا کوئرالہ جن کی عمر 47 سال ہے، انہوں نے امریکہ میں علاج کرایا اور اب صحت یابی کے بعد معمول کی فلمی اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

انوراگ باسو
’برفی‘ اور ’کائٹس‘ جیسی مشہور فلموں کے ڈائریکٹر انوراگ باسو کو 2004ء میں پتا چلا کہ انہیں بلڈ کینسر ہے۔ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ انوراگ باسو کے زندہ رہنے کا امکان 50 فی صد ہے۔ لیکن انوراگ باسو نے ہمت نہیں ہاری اور بیماری کے خلا ف بہادری سے جنگ لڑی۔

لیزا رے
کینیڈین نژاد اداکارہ لیزا رے کو بھی کینسر ہوا تھا لیکن مسلسل علاج سے انہوں نے کینسر کو شکست دی جس کا اعلان لیزا نے 2012ء میں کیا۔

XS
SM
MD
LG