رسائی کے لنکس

فلم 'سنجو' ریلیز، رنبیر کپور کو دیکھیے سنجے دت کے روپ میں


بالی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان نے کہا تھا کہ ’سنجو‘ میں سنجے دت کو ہی ہونا چاہیے تھا۔ دوسرا کوئی سنجے دت ہو ہی نہیں سکتا۔ خصوصاً سنجے کے جیل جانے والے مناظر اور فلم کے آخری حصے میں۔

بالی ووڈ میں نت نئے تجربات ہوتے رہتے ہیں۔ انہی تجربات میں سے ایک تجربہ اب یہ ہوا ہے کہ ایک فنکار کی سوانح حیات یا 'بائیو پک' میں خود اس کو لینے کے بجائے دوسرے فنکار کو لیا گیا اور۔۔۔ اس ’دوسرے فنکار‘ نے پہلے والے فنکار کو اس حد تک کامیاب انداز میں کاپی کیا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔

جی ہاں۔۔۔ بات ہورہی ہے سنجے دت اور ان کی فلم ’سنجو‘ کی۔ سنجےدت بالی وڈ کے ایک ایسے منفرد اداکار ہیں جن کی ذاتی زندگی بھی کسی فلم کی طرح ہی ایکشن، رومینس، تھرل، خوشی اور غم کی ’رولر کوسٹر رائیڈ‘ کی طرح رہی اور شاید یہی سبب تھا کہ ان کی ذاتی زندگی پر فلم بنانے کے تصور نے جلد حقیقت کا روپ لیا۔

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ سنجے دت خود اپنی بائیو پک میں کام کرتے لیکن پھر اس میں تجربے والی بات کیا رہ جاتی؟ لہذا فلم ’تھری ایڈیٹس‘، ’پی کے‘ اور ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ جیسی شاہکار فلمیں بالی وڈ کو دینے والے راج کمار ہیرانی نے سنجے دت پر فلم بنانے اور اس میں سنجے دت کے بجائے رنبیر کپور کو ان کا کردار دینے کا اعلان کیا۔

اور جب فلم کے ٹریلر اور پرومو سامنے آئے تو رنبیر کپور کو سنجے دت کے روپ میں جس نے دیکھا، پہلے تو حیران ہوا اور پھر تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

کوئی تعجب نہیں کہ سنجے دت بھی خود اپنی بائیو پک میں رنبیر کی ایکٹنگ کو دیکھ کر ایک لمحے کے لیے یہ بھول گئے ہوں کہ پردہ سیمیں پر ایکٹنگ کرنے والے وہ خود نہیں بلکہ کوئی دوسرا فنکار ہے۔

فلم ’سنجو‘ جمعے کو ریلیز کردی گئی ہے۔ سنجے دت اور رنبیر کپور دونوں کے فینز بے صبری سے فلم کا انتظار کر رہے تھے۔۔۔ اس انتظار کی ایک وجہ فلم کی ریلیز سے پہلے جاری ہونے والا اس کا ٹریلر اور پرومو تھا جسے سوشل میڈیا پر ریلیز کے کچھ ہی گھنٹوں بعد لاکھوں لوگوں نے دیکھا اور تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

رنبیرکپور نے سنجے دت کا کردار اتنی عمدگی سے کیا ہے کہ سخت سے سخت ناقد بھی رنبیر کی ایکٹنگ کی تعریف کررہا ہے۔ سنجے دت نے بھی رنبیر کپور کے کام کی تعریف میں کسی کنجوسی سے کام نہیں لیا۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق اصل سنجے دت کی جھلک فلم میں دکھائی دے گی یا نہیں، اس بارے میں کافی سسپنس تھا۔ لیکن ’سنجو‘ کی ایک ویڈیو لیک ہوئی تو اس کے ایک گانے میں ’اصلی اور فلمی‘ سنجے دت کو ایک ساتھ دیکھا گیا۔ یہ گانا غالباً فلم کے اینڈ کریڈٹس کا حصہ ہے۔

فلم ’سنجو‘ سے جڑی ایک خبر یہ بھی سن لیجیے کہ سنجے دت نے یہ فلم سینما ہال جا کر دیکھنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن رنبیر کپور نے ہزار جتن کر کے سنجے دت کو فلم کی سینما گھروں میں ریلیز سے پہلے خصوصی اسکریننگ میں دیکھنے پر راضی کر ہی لیا۔

بھارتی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ممبئی میں فلم میکر اور پروڈیوسر وندو ونود چوپڑہ کے دفتر میں خصوصی اسکریننگ بدھ کی رات ہوئی جس میں سنجے دت، ان کی بیوی مانیتا، سنجے کی بہنوں نمرتا اور پریا اور رنبیر کپور کے والدین نیتو اور رشی کپور نے شرکت کی۔

ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’سنجو‘ کے ذریعے خصوصی اسکرینگ میں شریک افراد نے فلم کو زبردست قرار دیا۔ مہاراشٹر کے صحافی رشی داردا نےکہا کہ ’سنجو‘ ایک ماسٹر پیس ہے جو آپ کو بیک وقت ہنسنے اور رونے پر مجبور کردے گا۔

ایک اور صارف روہت جسوال نے ٹوئٹ کیا کہ فیملی اور دوستوں کے لیے ’سنجو‘ کی اسپیشل اسکریننگ میں لوگوں نے کھڑے ہوکر فلم کو داد دی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کریٹکس اور آڈینز کا کیا رسپانس رہتا ہے۔

بالی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان نے کہا تھا کہ ’سنجو‘ میں سنجے دت کو ہی ہونا چاہیے تھا۔ دوسرا کوئی سنجے دت ہو ہی نہیں سکتا۔ خصوصاً سنجے کے جیل جانے والے مناظر اور فلم کے آخری حصے میں۔

سلمان خان کے بیان پر ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق فلم کے خالق راج کمار ہیرانی نے کہا ہے کہ ایک دفعہ تو انہیں بھی یہ خیال آیا تھا کہ فلم کے آخری حصے میں سنجے دت کو لیں لیکن پھر سوچا کہ کتنا عجیب لگے گا کہ پوری فلم میں تو لوگ رنبیرکپور کو بطور سنجے دیکھیں اور اچانک اولڈ کیریکٹر میں اصل سنجے دت کو۔

رنبیر کپور نے اس بارے میں محتاط ردِعمل دیتے ہوئے اسے ہر کسی کی اپنی رائے اور مرضی کا معاملہ قرار دیا ہے۔

’سنجو‘ میں پریش راول نے سنجے دت کے والد یعنی سنیل دت جبکہ منیشا کوئرالہ نے سنجے کی والدہ یعنی نرگس کا کردار ادا کیا ہے۔ دیگر کاسٹ میں انوشکا شرما، سونم کپور، دیا مرزا، بومن ایرانی اور دیگر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG