رسائی کے لنکس

بالی وُڈ اسٹارز بھی ہوئے پاکستان، انڈیا کرکٹ میچ کے دیوانے


جنوبی ایشیاء کے روایتی کرکٹ حریفوں کے چاہنے والوں نے گویا تن من دھن کی بازی لگا دی ہے۔ کیا عام آدمی اور کیا بالی ووڈ اسٹارز سب میں جوش بھر گیا ہے۔۔ ہار کسی کو منظور نہیں سب جیت کے متوالے ہیں۔

سال 2015ء کے ورلڈ کپ کرکٹ کا میلہ آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ میں سج چکا ہے۔ لیکن اس کی اصل رونق پاکستان اور بھارت میں بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ’ٹاکرا‘ اتوار کی صبح ہو گا۔

کھلاڑیوں نے تو مقابلے کے لئے آستینیں چڑھا ہی لی ہیں اور وہ پوری محنت سے میچ کی تیاری کر رہے ہیں۔ مگر دوسری طرف جنوبی ایشیاء کے ان دونوں روایتی کرکٹ حریفوں کے چاہنے والوں نے بھی گویا تن من دھن کی بازی لگا دی ہے۔۔کیا عام آدمی اور کیا بالی ووڈ اسٹارز سب میں جوش بھر گیا ہے۔۔ ہار کسی کو منظور نہیں سب جیت کے ہی متوالے ہیں۔

کچھ بالی ووڈ اسٹارز نے تو کئی ہفتوں پہلے سے اس میچ کو دیکھنے کی تیاریاں شروع کردی تھیں۔ ان فنکاروں کا کہنا ہے کہ مصروفیت کچھ بھی ہوں یہ میچ مس نہیں کریں گے ۔مثال کے طور پر:

سشانت سنگھ راجپوت
حالیہ میگا ہٹ فلم ’پی کے‘ میں پاکستانی نوجوان کا رول ادا کرنے والے سشانت سنگھ راجپوت نے ’ہندوستان ٹائمز‘ کو بتایا کہ، ’میں نے تو اپنے کمرے میں ایک بڑا سا ٹی وی سیٹ رکھ لیا ہے تاکہ میچ کے ہر لمحے کو انجوائے کر سکوں۔ اور اگر اتفاق سے میں سفر میں بھی ہوا تو آئی فون اورآئی پیڈ پر میچ دیکھوں گا۔ اسے مس نہیں کروں گا‘۔

ادیتیہ رائے کپور
فلم ’عاشقی ٹو‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ادیتیہ رائے کپوربھی پاک انڈیا میچ کے حوالے سے بہت پرجوش نظر آرہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے ”میرے تو دوستوں نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کا اہم ترین میچ میرے گھر پردیکھیں گے۔“

ادیتیہ رائے کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ ورلڈ کپ کا فائنل بھی پاکستان اور بھارت ہی کھیلیں۔

آیوشمان کُھرانا
بالی وڈ ایکٹر اور سنگر آیوشمان کھرانا کے خیالات اور ارادے بھی کچھ ایسے ہی ہیں ۔ان کی خواہش بھی یہی ہے کہ پاکستان اوربھارت کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں شریک دوسری ٹیموں کو شکست دے کر فائنل میں بھی ایک دوسرے کے مقابل ہوں کیونکہ اس کا مزہ ہی کچھ اور ہوتا ہے۔

بالی ووڈ بیوٹیز کیا کہتی ہیںَ؟
بالی وڈ بیوٹیز کی بات کریں تو شلپا شیٹھی سے لے کر پریٹی زنٹا اور جوہی چاؤلہ تک بہت سی ہیروئنز کرکٹ سے اس حدتک لگاؤ رکھتی ہیں کہ آئی پی ایل کی کئی ٹیموں کی مالک ہیں۔ پھر بھلا پاکستان اور بھارت کے روایتی جوش و جذبے سے بھرے میچ سے وہ کیسے لاتعلق رہ سکتی ہیں۔

رہی بات انوشکا شرما کی تو پاک بھارت میچ ان کے لئے بہت خاص اس لئے بھی ہے کہ ان کے ’مبینہ‘ بوائے فرینڈ وراٹ کوہلی بھارتی اسکواڈ کا اہم حصہ ہیں۔

بالی وڈ ہیروئنز کی اکثریت کاکہنا ہے کہ وہ اتوار کو تمام کام چھوڑ کر پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھیں گی جویقیناماضی کی طرح کانٹے کا مقابلہ ہوگا جس میں دونوں ہی ٹیمیں اپنا بہترین کھیل پیش کریں گی۔

XS
SM
MD
LG