رسائی کے لنکس

چار پاکستانی فنکاروں کی ایک بھارتی فلم، ’جاں نثار‘


مجھ سے اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ میں فلمیں کیوں نہیں بناتا۔ حقیقت یہ ہے کہ میں ایسی فلمیں ڈائریکٹ کرنا چاہتا ہوں جو میرے دل اور روح کو چھو لیں اور جس میں، میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار بھی کرسکوں۔’جاں نثار‘ ایسی ہی فلم ہے

پاکستان کے چاکلیٹی ہیرو، عمران عباس کو ان کے چاہنے والے جلد دیکھ سکیں گے ایک شہزادے کے روپ میں۔۔بالی وڈ کی آنے والی فلم’جاں نثار‘ میں۔ ’کری ایچر 3ڈی‘ سے بالی وڈ فلم نگری میں قدم رکھنے والے عمران عباس کی یہ دوسری فلم ہے۔

’کوٹ واڑا اسٹوڈیوز‘ اور میرا علی کی پیشکش ’جاں نثار‘ سال کی ان گنی چنی فلموں میں شامل ہے، جس کی ریلیز کا سب کو بے تابی سے انتظار ہے، کیونکہ اس فلم کے ذریعے تین عشرے قبل ’امراوٴ جان‘ جیسی کلاسک فلم تخلیق کرنے والے مشہور ڈائریکٹر مظفرعلی کی طویل عرصے بعد بالی وڈ میں واپسی ہو رہی ہے۔

پبلسٹی فرم ’رس بیری‘ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’جاں نثار‘ میں عمران عباس کی ہیروئن کا کردار ’پرنیا قریشی‘ ادا کریں گی جو فیشن انڈسٹری کی جانی مانی شخصیت ہیں۔

فلم پروڈیوسر میرا علی کا کہنا ہے کہ ’جاں نثار‘ سنہ1857کے پس منظرمیں بنائی گئی لو اسٹوری ہے، جسے مظفرعلی نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے خوبصورت رنگ دیا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ فلم 21 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ شائقین کے لئے جاں نثار کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔‘

مظفر علی کا کہنا ہے کہ’مجھ سے اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ میں فلمیں کیوں نہیں بناتا۔ حقیقت یہ ہے کہ میں ایسی فلمیں ڈائریکٹ کرنا چاہتا ہوں جو میرے دل اور روح کو چھو لیں اور جس میں، میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار بھی کر سکوں۔’جاں نثار‘ ایسی ہی فلم ہے۔‘

تقسیم سے قبل کے زمانے کی منظر کشی کرتی پیریڈ فلم ’جاں نثار‘ کہانی ہے ایک آزادی کی خواہاں طوائف اور انگلینڈ سے واپس آنے والے شہزادے کے درمیان پنپنے والی محبت کی۔

فلم میں جن دیگر پاکستانی اور بالی وڈ سنگرز نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے ان میں شریا گھوشال، سکھ ویندرسنگھ، مالنی اوستھی، شفقت علی خان اور عابدہ پروین شامل ہیں۔

مجموعی طور پر دیکھیں تو ’جاں نثار‘ میں چار پاکستانی فنکار شامل ہیں یعنی دو سنگرز اور دو ایکٹرز۔

XS
SM
MD
LG