رسائی کے لنکس

سُر شیتر: پاکستانی اور بھارتی گلوکاروں کے لئے’سروں کا میدان جنگ'


ان پروگراموں کی مختلف قسطوں میں بھارتی و پاکستانی سنگرز اور موسیقار، مثلاً اسماعیل دربار، الکا یاگنک، سریش واڈے کر، غلام علی ، حدیقہ کیانی، امیر علی اورسجاد علی، شرکت کریں گے

پاکستان اور بھارت اب ایک نئے انداز میں’ سردھڑ‘ کی بازی لگانے جارہے ہیں ۔یہ بازی ہے ساز اور آواز کی، لے اور سنگیت کی۔اس کے لئے ”سر شیتر“ یعنی سروں کا میدان جنگ‘ سج چکا ہے ۔ یہ مقابلہ اپنی نوعیت کا انوکھا مقابلہ ہے۔ بیک وقت پاکستان اور بھارت کے تین چینل ” کلرز ٹی وی“، ”سہاراون “ اور ” جیو ٹی وی “اسے8ستمبر سے ہر ہفتے اور اتوار کی شب پاکستانی وقت کے مطابق سات بجے پیش کریں گے۔

سر شیتر۔۔فتح سروں کی، جیت سنگیت کی “ کی ایک اور انوکھی ودلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی تینوں ججز خواتین ہیں جبکہ ان کا تعلق بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہے۔یہ تینوں ججز سروں کی دنیا میں لیجنڈ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے ہم بات کررہے ہیں آشا بھوسلے، عابدہ پروین اور رونا لیلیٰ کی۔

اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہی ہیں اداکارہ آئشہ تاکیہ ۔آئشہ پورا پروگرام بغیر اسکرپٹ کے کریں گی۔ پروگرام کے حوالے سے امید کی جارہی ہے کہ یہ دونوں ملکوں کی موسیقی کے اعتبار سے انتہائی اہم اور تاریخی نوعیت کا پروگرام ہوگا۔

جیو ٹی وی کے مطابق پروگرام کا فارمیٹ کچھ اس طرح کا ہے کہ چھ چھ افراد پر مشتمل دو ، دو ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ ایک ٹیم بھارت سے جبکہ دوسری ٹیم پاکستان سے ہے۔ پاکستانی ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے گلوکار عاطف اسلم کو جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ہیں ہمیش ریشمیا۔ ہر ٹیم کے چھ چھ کھلاڑیوں کو بہت ہی سخت آدیشن کے بعد پروگرام کا حصہ بننے کا موقع مل رہا ہے۔

پروگرامز کی مختلف قسطوں میں دیگر بھارتی و پاکستانی سنگرز اور موسیقار شرکت کریں گے مثلاً اسماعیل دربار، الکا یاگنک، سریش واڈے کر، غلام علی ، حدیقہ کیانی، امیر علی اورسجاد علی ۔

پروگرام سے جڑے تمام ماہرین کاکہنا ہے کہ ”سر شیتر۔۔فتح سروں کی، جیت سنگیت کی “ دونوں ممالک کی سرحدوں کے اندر لڑی جانے والی سروں کی انوکھی جنگ ہے۔ اس میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے سروں پر سبقت لے جانے کے لئے تن من اور دھن کی بازی لگادیں گے۔ ”کلرز“ٹی وی کے چیف آپریٹنگ آفیسر راج نائیک کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہونے جارہا ہے جبکہ جب دونوں ممالک کے تین چینلز بیک وقت ایک ہی پروگرام پیش کریں گے ۔

بھارتی سنگرز میں شامل ہیں اندرانی بھٹہ چاریہ(کولکتہ ) ، شہزاد علی (بیکانیر)، یش راج کپل ( دہلی)، امان جی تریکھا( ممبئی) دل جان ( جالندھر) اور بی مکھرجی ( کولکتہ) جبکہ پاکستانی ٹیم امیر علی’ (کراچی )، عمران علی (لاہور)، ملازم حسین (راولپنڈی) ، نبیل شوکت علی (لاہور) سارہ رضا خان (کراچی ) اور عمران علی (لاہور) اورا ندیم عباس (لاہور) پر مشتمل ہے۔

پروگرام میں آپ کسی دن بہترین رومینٹک گانے سنیں گے تو کسی دن سدابہار پرانے گانے، کبھی قوالی ، کبھی شادی بیاہ کے گانے تو کبھی لوک موسیقی سنائی دے گی ۔
XS
SM
MD
LG