رسائی کے لنکس

سلگتے معاشرتی موضوع پر ایک کامیاب فلم: کھاپ


سلگتے معاشرتی موضوع پر ایک کامیاب فلم: کھاپ
سلگتے معاشرتی موضوع پر ایک کامیاب فلم: کھاپ

بھارت اور پاکستان میں آج بھی کئی ایسے معاشرتی مسائل ہیں جنہوں نے انسانی قدروں کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں اور کوشش کے باوجود انہیں ابھی تک ختم نہیں کیا جاسکا۔ غیرت کے نام پر قتل بھی دونوں معاشروں کا سلگتا ہوا موضوع ہے۔ بالی ووڈ ڈائریکٹر اجے سنہا کی جمعہ 29 جولائی کور یلیزہونے والی فلم " کھاپ" اسی موضوع پر روشنی ڈالتی ہے۔

"کھاپ "کے لفظی معنی 'پنجایت 'ہیں۔ فلم کا موضوع گاوٴں کے سرپنچوں( سرداروں) کی جانب سے نام نہاد پنچایتی فیصلوں کے گرد گھومتا ہے۔ دیہات میں رہنے والے سادہ لوح اور ناخواندہ افراد کے چھوٹے موٹے جھگڑوں کے فیصلے یہی پنچایت کرتی آئی ہے۔حالانکہ یہ فیصلے نہ تو انصاف کے صحیح تقاضوں کو پورا کرسکتے ہیں اورنہ ہی انصاف کا متلاشی ہی ان فیصلوں سے پوری طرح مطمئن نظر ہوتا ہے۔

" کھاپ" کی کہانی میں بھی ایک ایسی ہی پنچایت ہے جو دو محبت کرنے والے دلوں کو ایک نہیں ہونے دیتی۔ پسند کی شادی کرنے کے خواہشمند پنچایتی فیصلوں کے آگے ڈٹ جاتے ہیں اور یہیں سے ان پر ایسے معاشرتی ظلم کا آغاز ہوتا ہے جن سے انسانیت بھی کانپ اٹھتی ہے۔
فلم کے نمایاں فنکاروں میں اوم پوری ، موہنیش بہل اور یوویکا چوہدری شامل ہیں۔ اس فلم میں آپ اوم پوری کو ایک ایسے رول میں دیکھیں گے جو شائد آپ کے جذبات اور احساسات کو جھنجوڑ دے ۔ اوم پوری نے اپنی اداکاری سے ثابت کیا ہے کہ ایسے فنکار بہت کم پیدا ہوتے ہیں۔ پوری فلم میں انہوں نے اپنے سامنے کسی اور فنکار کو اٹھنے نہیں دیا۔

حساس معاشرتی موضوع ہونے کے سبب فلم کے ڈائریکٹر کو فلمسازی کے دوران متعدد مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ فلم کو کئی بار درمیان میں ہی روکنا پڑا۔کئی بار شوٹنگ تک منسوخ کرنا پڑی۔ یہ اجے سنہا کا ہی حوصلہ تھا کہ انہوں نے تمام رکاوٹوں کے باوجود فلم مکمل کی۔

اس فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اسے ریلیز سے پہلے ہی 12 بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں نمائش کے لئے پیش کیاجاچکا ہے۔ فلم میں ریکھا بھردواج اور شریاگھوشال جیسی معروف پلے بیک سنگرز نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

XS
SM
MD
LG