رسائی کے لنکس

فلموں کا" جمعہ بازار "سج گیا ، پانچ نئی فلمیں ریلیز ہوگئیں


فلموں کا" جمعہ بازار "سج گیا ، پانچ نئی فلمیں ریلیز ہوگئیں
فلموں کا" جمعہ بازار "سج گیا ، پانچ نئی فلمیں ریلیز ہوگئیں

بھارت میں آج پھر فلموں کا" جمعہ بازار "سج گیا ہے ۔اس ہفتے پانچ نئی فلمیں میدان میں ایک دوسرے سے بازی لے جانے کے در پہ ہیں۔ ان میں سرفہرست" چتورسنگھ ٹو اسٹار"، "ناٹ اے لواسٹوری"، "صحیح دھندے غلط بندے" ،" یارا او دل دارا" اور" کور اسٹوری" شامل ہیں۔

بھارت میں پیر کو جنم اشٹمی کا تہوار منایا جارہا ہے اور اس دن بھارت بھر میں چھٹی ہوگی اس لئے آج یعنی جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلموں کو ہفتے سے پیر تک لگاتار تین چھٹیوں میں بڑھ چڑھ کر بزنس کر نے کا موقع ملے گا۔ دو فلموں" چتورر سنگھ ٹو اسٹار" اور" ناٹ اے لو اسٹوری" میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔اگرچہ دونوں ہی الگ الگ تھیم رکھنے والی فلمیں ہیں۔ ایک ایکشن کامیڈی فلم ہے تو دوسری سسپنس مووی ہے لیکن زیادہ بزنس وہی فلم کرے گی جسے زیادہ فلم بین ملیں لہذا دونوں کی بڑھ چڑھ کر پبلی سٹی کی گئی ہے۔

" چتور سنگھ ۔۔۔"بھارت بھر کے 449سنیما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی گئی ہے جبکہ رام گوپال ورما کی فلم "ناٹ اے لو اسٹوری" 275سنیماگھروں میں دکھائی جارہی ہے۔

"چتورسنگھ ٹو اسٹار" کے پروڈیوسر ہیں محمد اسلم اور ڈائریکٹر ہیں اجے چندوک۔ فلم کی کاسٹ میں ایک نہیں کئی بڑے نام شامل ہیں جیسے سنجے دت، انوپم کھیر، ستیش کوشک، گلشن گروور، شکتی کپور ، امیشا پٹیل ،مرلی شرما ، سریش مینن اور وشواجیت پرادھان۔موسیقی دی ہے ساجد واجد نے جبکہ گیت جلیس شیروانی نے لکھے ہیں۔

فلم میں سنجے دت کا گیٹ اپ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ گویا "چتور سنگھ ٹو اسٹار"ہالی ووڈ کی کامیاب ترین فلم" پنک پینتھر" سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے ۔ تاہم فلم کے پروڈیوسر محمد اسلم کا کہنا ہے کہ چتور سنگھ کا پنک پینتھر سے کو ئی تعلق نہیں۔ جہاں تک مماثلت کا سوال ہے تو ایسا صرف اس لئے لگ رہا ہے کہ دونوں فلموں کے ہیروز نے جو اوور کوٹ اور ہیٹ پہنی ہوئی ہے وہ ایک جیسی لگتی ہے جبکہ دونوں کی مونچھے بھی ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔ سنجے دت اور پیٹر سیلر کا کورٹ ایک جیسا ہے دونوں نے جاسوسوں جیسے کپڑے پہنے ہیں لیکن یہ سب محض پہلی نظر میں محسوس ہوتا ہے فلم دیکھنے کے بعداس کا باخوبی اندازہ ہوگا کہ کہ دونوں میں نہ تو کوئی مماثلت ہے اور نہ ہی پنک پینتھر کو کاپی کیا گیا ہے۔ چتور سنگھ سوبر کامیڈی فلم ہے ۔ فلم کو بچے اور بڑے سب پسند کریں گے۔

فلم میں سنجے دت نے جو وگ پہنی ہے وہ لندن سے تیار کرائی گئی ہے اور خاصی مہنگی ہے ۔ پروڈیوسر محمد اسلم کا کہنا ہے یہ وگ 20 سے 25 لاکھ روپے میں تیار ہوئی ہے۔ اسے ہالی ووڈ فلموں کے لئے وگ تیار کرنے والے ماہرین نے بہت ہی خاص طریقے سے تیار کیا ہے۔

"چتوسنگھ ٹو اسٹار "کا مقابلہ کرنے کے لئے رام گوپال ورما کی فلم "ناٹ اے لو اسٹوری "۔بھارت میں سن 2008ء میں ایک نہایت سنسنی خیز قتل کی واردات ہوئی تھی جسے اخبارات اورالیکٹرونک میڈیا نے اس قدر کوریج دی کہ یہ کیس ہر جگہ موضوع بحث بنارہا ۔ اس 'نیرج گروور قتل کیس' کی تمام سچائیاں اوراصل واقعات رام گوپال ورما کی نئی فلم " ناٹ اے لو اسٹوری"کے روپ میں اسکرین پر پیش کئے جارہے ہیں۔ اس قتل کا الزام ماریہ سوسائی راج نامی ایک لڑکی پر لگایا گیا ہے جسے تین سال کی سزا ہوچکی ہے ۔

فلم کی کہانی ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ کے گرد گھومتی ہے جو فلموں میں نام کمانے کے لئے سخت محنت کررہی ہے ۔ اسے اپنے آپ کو منوانے کے لئے ہر روز ایک نئی صورتحال کا سامنا رہتا ہے۔ ابھی اس کی جدوجہد ادھوری ہی تھی کہ اس کی ملاقات ایک ایسے شخص سے ہوتی ہے جو اسے ہر ممکن مدد کرنے کا یقین دلاتا ہے۔ لڑکی اس اجنبی شخص پر 'ڈوبتے کو تنکے کا سہارا'سمجھ کر بھروسا کرلیتی ہے اور اس کے فلیٹ میں آکر رہنے لگتی ہے۔ اگرچہ سے اس کا بائے فرینڈ اسے ایسے کرنے سے منع کرتا ہے مگر حالات کچھ اس طرح کے بنتے ہیں کہ لڑکی کو اس شخص سے مدد لینی ہی پڑتی ہے۔

ایک چھت کے سائے تلے رہتے رہتے دونوں میں ایک انجانہ سا رشتہ قائم ہوجاتا ہے ۔ ایک دن اس کا بائے فرینڈ اچانک اس کے اپارٹمنٹ میں آجاتا ہے اور یہیں سے جرم کی ایک نئی کہانی کی شروعات ہوتی ہے۔

رام گوپال ورما ہمیشہ مشہور و معروف موضوعات پر فلمیں بنانے کے عادی ہیں۔ ان کی یہ عادت کسی نہ کسی تنازع کا سبب بھی بن جاتی ہے ۔ اب تک انہوں نے جتنی بھی فلمیں بنائی ہیں ان میں سے کوئی بھی فلم ایسی نہیں ہے جس پر کوئی نہ کوئی تنازع کھڑا نہ ہوا ہو۔

ان کی یہ فلم بھی ہیروئن ماہی گل کے کچھ قابل اعتراض مناظر کی وجہ سے میڈیا میں موضوع بحث رہی ہے۔ انٹرنیٹ پر اس پر بے شمار بلاگز بھی لکھے گئے اور اس پر گرما گرم ڈیبیٹ بھی ہوچکی ہے لیکن نہ تو ماہی گل ہی ماننے والی تھیں اور نہ ہی رام گوپال ورما نے ہار مانی۔

'ناٹ اے لو اسٹوری ' کے پروڈیوسر سنیل بوہرہ اورسیلیش آر سنگھ ہیں جبکہ موسیقی سندیپ چوٹا نے ترتیب دی ہے۔ فنکاروں میں شامل ہیں ماہی گل، دیپک ڈوبریال اوراجے گیہی ۔

XS
SM
MD
LG