رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان کی نئی تخلیق " را۔ ون" مہنگی ترین فلم ہوگی


شاہ رخ خان کی نئی تخلیق " را۔ ون" مہنگی ترین فلم ہوگی
شاہ رخ خان کی نئی تخلیق " را۔ ون" مہنگی ترین فلم ہوگی

سلمان خان کی حالیہ فلم" باڈی گارڈ" نے ایک ارب روپے سے زیادہ کا بزنس کرکے شاہ رخ خان کو ان کی آنے والی نئی فلم " را۔ون" کے ذریعے2 ارب روپے بزنس کرنے کا ٹارگٹ دے دیا ہے۔ "را۔ون" کے نمایاں فنکاروں میں شاہ رخ خان کے علاوہ کرینہ کپور ، سجنے دت اورارجن رامپال شامل ہیں جبکہ فلم کے پروڈیوسر شاہ رخ اور ان کی بیوی گوری خان ہے۔

" را۔ون" اگلے ماہ ریلیز ہونے جارہی ہے۔اکتوبر کے آخر سے نومبر کے وسط تک بھارت میں ایک کے بعد ایک کئی بڑے تہوار منائے جاتے ہیں جن میں دسہرا اور دیوالی سرفہرست ہیں۔ یوں شاہ رخ خان کو دیوالی کی چھٹیوں کا پورا پورا فائدہ ملے گا کیوں کہ " را۔ون"دیوالی کے موقع پر ریلیز ہورہی ہے۔

شاہ رخ خان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ شاہ رخان نے فلم سے 2 ارب روپے کا بزنس ٹارگٹ کیا ہوا ہے شاید یہی وجہ ہے کہ فلم کی تشہیر پرابھی سے بے حساب پیسہ خرچ کیا جارہا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 35 کروڑ روپے صرف پبلسٹی کی مد میں رکھے گئے ہیں ۔

شاہ رخ خان فلم کی تشہیر کے لئے فلم کی ہیروئن کرینہ کپور کے ساتھ 36 ملکی اور غیر ملکی شہروں کا دورہ کریں گے ۔شاہ رخ خان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ شاہ رخ کو 100 فیصد امید ہے کہ فلم باکس آفس پراب تک تک سب زیادہ ریکارڈ بزنس کرے گی۔

پچھلے ہفتے ہی فلم کا میوزک لانچ ہوا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ میوزک لانچنگ کی اس تقریب پربھی پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا تھا۔ تقریب میں بڑے بڑے فنکاروں نے لائیوپرفارم کیا۔ " را۔ون" کو ریلیز سے پہلے ہی بھارت کی اب تک کی سب سے طویل اور مہنگی ترین فلم قرار دیا جارہا ہے۔

یہ سائنس فکشن پر مبنی ایکشن اور تھریلر مووی ہے لیکن اس کے گیتوں نے بھی ابھی سے دھوم مچانا شروع کردی ہے۔ فلم میں سات گانے ہیں اور میوزک لورز کا کہنا ہے کہ سب ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔ خاص کر " چھمک چھلو" ، " دل دارا" اور" کریمنل" کا تو جواب ہی نہیں۔

ادھرکرینہ کپور بھی باڈی گارڈ کی کامیابی کے بعد ایسی اداکارہ بن گئیں ہیں جن کے آگے پروڈیوسر آنکھیں بچھائے بیٹھے ہیں۔ ۔۔لیکن کرینہ ہیں کہ ان کے پاوٴں ہی زمین پر نہیں پڑرہے۔ کرینہ کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ فلم " را۔ون " کے لئے لوگوں نے من اور ڈسٹری بیوٹرز نے دھن لوٹنے کا پروگرام بنالیا ہے۔

XS
SM
MD
LG