رسائی کے لنکس

سنہ 70 اور 80 کی رومینٹک فلموں کا دور واپس آگیا


’عاشقی 2‘ اور ’چشم بد دور‘ کے ری میکس کی کامیابی نے یہ واضح کردیا ہے کہ بالی وڈ میں رومینٹک فلموں کی کامیابی کا دور ایک بار پھر پلٹ آیا ہے

ہندی سینما کے تجرباتی دور میں بننے والی رومینٹک فلمیں آج کے دور میں اپنی کشش کھو بیٹھی ہیں۔ لیکن، ’عاشقی 2‘ اور ’چشم بد دور‘ کے ری میکس کی کامیابی نے یہ واضح کردیا ہے کہ بالی وڈ میں رومینٹک فلموں کی کامیابی کا دور ایک بار پھر پلٹ آیا ہے۔
سنہ1990 کی دھائی میں بنائی گئی سپر ہٹ میوزیکل فلم ’عاشقی‘ کا ری میک ’عاشقی2‘ باکس آفس پر خوشگوار سرپرائز ثابت ہوا۔ بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں 36کروڑ اور ایک مہینے میں 70کروڑروپے کا بزنس کیا۔
اسی طرح 1981کی ہٹ فلم ’چشم بد دور‘ کا اسی نام سے بننے والا ری میک بھی باکس آفس پر ہٹ ہوگیا۔ اس رومینٹک کامیڈی نے دو ہفتوں میں 39 کروڑروپے کا بزنس کیا۔
ان دونوں فلموں کی کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ رومینٹک فلموں کا دور پھر آرہا ہے۔ فلم انڈسٹری کے جہاں دیدہ ’پنڈتوں‘ نے بدلتے ہوئے اس رجحان کو اچھی طرح ذہن نشیں کرکے ان پر فلمیں بنانا شروع کردی ہیں ۔
ان فلموں میں سب سے پہلا نام دپیکا پڈکون اور رنبیر کپور کی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کاہے۔ فلم کے مستی بھرے ہپ ہوپ گانے پہلے ہی میوزک چارٹس کے ٹاپ نمبرز پر دھوم مچا رہے ہیں۔ رنبیر اور دپیکا کی آن اسکرین لواسٹوری 31مئی کو سینما گھروں کی زینیت بنے گی۔
تامل فلموں کے مقبول ’لور بوائے‘ دھنش بھی مین اسٹریم سینما میں اپنا کیرئیر ’رانجھنا ‘ سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ فلم میں سونم کپور اور دھنش ایک دوسرے کی بچپن کی محبت دکھائے گئے ہیں۔ فلم 21جون کو ریلیز کی جائے گی۔
سنہ 1950کے منظرنامے میں بنی رنویر سنگھ اور سوناکشی سنہا کی فلم ’لٹیرا‘ کا بھی ان کے فینز کو بے صبری سے انتظار ہے۔ فلم کے زبردست ٹریلر نے فلم سے جڑی توقعات میں کچھ اور اضافہ کر دیا ہے۔ ’لٹیرا‘ میں ایکشن اور رومینس کو ناظرین ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔

XS
SM
MD
LG