رسائی کے لنکس

’ہیپی نیو یئر‘ سے’پی کے‘ تک، 2014ء کی 10 کامیاب فلمیں


یہ سال بالی ووڈ کے لئے مجموعی طور پر کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا۔ لیکن، اس کے باوجود، کچھ فلمیں میگاہٹ ثابت ہوئیں، جنہوں نے باکس آفس کو بری طرح فلاپ ہونے سے بچایا۔ بھارتی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ نے ایسی 10 فلموں کی فہرست مرتب کی ہے

سال 2014 ءکا اختتام قریب ہے۔ گو کہ بزنس کے حوالے سے یہ سال بالی ووڈ کے لئے کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا۔ لیکن، اس کے باوجود، کچھ فلمیں میگا ہٹ ثابت ہوئیں جنہوں نے باکس آفس کو بری طرح فلاپ ہونے سے بچایا۔ بھارتی چینل’این ڈی ٹی وی‘ نے ایسی دس فلموں کی فہرست مرتب کی ہے۔ آیئے دیکھتے ہیں وہ فلمیں کون کون سی ہیں:

ہیپی نیو یئر
بالی وڈ کی سپر ڈائریکٹر فرح خان کی فلم ’ہیپی نیو یئر‘ دسمبر کے وسط تک سال کی سب سے زیادہ ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ شاہ رخ خان، دپیکا پڈکون اور ابھیشیک بچن فلم کی کاسٹ میں شامل تھے۔ نقادوں نے ’ہیپی نیو یئر‘ کو پسند نہیں کیا۔ لیکن، دنیا بھر میں فلم 300کروڑ سے بھی زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔ یہی نہیں، بلکہ یہ فلم سب سے زیادہ ’اسٹارڈسٹ ایوارڈز‘ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی۔ فرح خان کو بہترین ڈائریکٹر، شاہ رخ خان کو بہترین اداکار اور دپیکا پڈکون کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

کک
سلمان خان کی فلم ’کک‘ فلم باکس آفس کے لئے بھی زبردست ’کک ثابت ہوئی، جس نے ریلیز کے چار دنوں میں 100 کروڑ روپے کمائے۔ فرانس، جرمنی، مراکش اور مالدیپ سمیت 42 ملکوں میں ریلیز کی جانے والی ’کک‘ کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی زبردست پذیرائی ملی اور گانوں کو بھی بہت پسند کیا گیا۔ فلم میں سلمان کے علاوہ نوازالدین صدیقی اور رندیپ ہودا نے اہم کردار نبھائے۔

بینگ بینگ
رہیتک روشن اورکترینہ کیف اسٹارر ’بینگ بینگ‘ ہالی وڈ اسٹارز ٹام کروز اورکیمرون ڈیاز کی بلاک بسٹرفلم ’نائٹ اینڈ ڈے‘ کا ری میک تھی۔ایکشن سیکوئنز اور خوبصورت لوکیشنز پر پکچرائز کی گئی ’بینگ بینگ‘ ایک مکمل تفریحی فلم ثابت ہوئی جس کے دنیا بھر کے باکس آفس کلیکشنز 298 کروڑ رہے۔

سنگھم ریٹرنز
اجے دیوگن اور کرینہ کپور کی فلم ’سنگھم ریٹرنز‘ بھی ہٹ رہی۔ فلم نے ریلیز کے ابتدائی چار دنوں میں ہی 100کروڑ کا بزنس کیا، جبکہ فلم کا میوزک فلم کی ریلیز سے پہلے ہی ہٹ ہوگیا تھا۔

کوئن
یہ کنگنا راناوت کے کیرئیر کی سب سے ہٹ فلم رہی۔ بھارت اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی اسے خوب سراہا گیا۔ کنگنا راناوت نے جاندار اداکاری پر کمرشل کامیابی کے ساتھ ساتھ نقادوں سے بھی خوب داد سمیٹی۔

حیدر
انتقام کے گرد گھومتی اور کشمیر کے پس منظر میں بنائی گئی فلم ’حیدر‘ کو بھی نقادوں اور عام ڈگر سے ہٹ کر فلمیں پسند کرنے والوں بہت پسند کیا۔ شیکسپیئر کی معروف ٹریجڈی ’ہیملٹ‘ سے ماخوذ فلم کا مرکزی کردار ادا کیا شاہد کپور نے، جبکہ فلم میں ان کی ماں کا حقیقت سے قریب تر رول ادا کرکے تبو کو ’اسٹارڈسٹ ایوارڈ فار بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر‘ دیا گیا۔

میری کام
بھارت کی باکسنگ چمپئین ’میری کام‘ کی زندگی پر بنی بائیو پک ”میری کوم“ میں پریانکا چوپڑہ نے مہارت سے لیڈنگ رول ادا کر کے داد وصول کی۔بھارت کے 1800سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی” میری کوم“ کو عوام نے بہت پسند کیا جبکہ پریانکا چوپڑہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہیں۔

ایک ولن
سدھارتھ کپور اور شردھا کپور اسٹارر ’ایک ولن‘ سال کی منافع بخش فلموں میں شامل ہے۔ تھرلر فلم میں عام طورپر کامیڈی رولز میں نظر آنے والے رتیش دیش مکھ نے منفی کردارادا کیا ہے۔ ’ایک ولن‘ کمائی کے حوالے سے 100کروڑ کلب میں شامل ہوئی جبکہ اس کے گانے ’بنجارہ‘ اور’ تیری گلی‘ کو سننے والوں نے بہت پسند کیا۔

ٹواسٹیٹس
دومختلف ریاستوں کے رہنے والے نوجوانوں کے درمیان جنم لینے والی محبت اور اس کی راہ میں آنے والی رکاوٹوں کی کہانی ’ 2اسٹیٹس‘ میں عالیہ بھٹ اور ارجن کپور کی بے ساختہ اداکاری نے سب کے دل موہ لئے۔تقریبا45کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی گئی تامل لڑکی اور پنجابی لڑکے کی لواسٹوری کوبھارت کے 2000سے زیادہ سینماوٴں میں ریلیز کیا گیا جبکہ فلم100کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

پی کے
عامرخان کی فلم ’پی کے‘ سال کی وہ بڑی فلم ہے جس کی ریلیز کا سب کو شدت سے انتظار ہے۔ عامر کے متنازعہ پوسٹر، بھرپور پبلسٹی اور مختلف نظر آنے والے گیٹ اپس سے بھرپور ’پی کے‘ کے بارے میں فلمی پنڈتوں کا خیال ہے کہ یہ فلم سال کے آخر میں ریلیز ہونے کے باوجود سال کی سب سے بڑی فلم ثابت ہوگی۔ ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور’ تھری ایڈیٹس‘ کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی اب کیا نیا لے کرآئے ہیں شائقین یہ بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔ فلم گزشتہ جمعہ کو ریلیز ہوچکی ہے اور ابتدائی خبروں کے مطابق فلم نے ویک اینڈ پر 30کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔ تاہم، حتمی خبریں آنا ابھی باقی ہیں۔

XS
SM
MD
LG