رسائی کے لنکس

'سپر اسٹار' کا جادو، فلم 'ناکامی' کے باوجود 'کامیاب' بزنس کرے گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فلم انڈسٹری میں نئی فلمیں مسلسل بن رہی ہیں لیکن ابھی تک بہت کم فلمیں ایسی ہیں جو باکس آفس پرخاطر خواہ کمائی میں کامیاب ہوسکی ہوں لیکن حالیہ رجحان نے کچھ اس طرح سے رخ بدلا ہے کہ فلمیں ناکامی کے باوجود مالی فائدہ دے جاتی ہیں۔

عید پر میرا اور آمنہ الیاس کی فلم 'باجی' ریلیز ہوئی اور بہتر بزنس کر گئی تو سب نے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی اسٹار ماہرہ خان کی فلم سپر اسٹار سے امیدیں باندھ لیں کہ یہ فلم بھی باکس آفس پردھوم مچائے گی لیکن توقعات کے برعکس ایسا ہو نہ سکا۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم 9 اگست کو ریلیز کے بعد سے عید کے دن تک خاطر خواہ بزنس نہیں کرسکی جس کی بنیادی وجہ یہ قرار دی جا رہی ہے کہ فلم دیکھنے والوں کے ذہنوں پر کوئی بھی تاثر چھوڑے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

ایک انگریزی اخبار ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق "فلم سپر اسٹار، ماہرہ خان کی فلاپ فلموں کی فہرست میں اضافہ ہی ثابت ہوئی۔ فلم کی ناکامی کے بعد ماہرہ خان کو فلموں کے انتخاب میں زیادہ محتاط رویہ اختیار کرنا پڑے گا۔ خاص کر جبکہ ان کا مقابلہ صبا قمر اور مہوش حیات جیسی اداکاراؤں سے ہو۔"

رپورٹ کے مطابق "نو سال ایک لمبا عرصہ ہوتا ہے اور اس سارے عرصے میں ماہرہ اب تک فلمی پردے پر کسی میگا اسٹار کی طرح کامیابی سے ہمکنار کرنے والی اسکرپٹ کے انتخاب میں ناکام رہی ہیں۔"

فلم 'سپراسٹار' کی کہانی فلم انڈسٹری میں نام اور مقام بنانے کی جدوجہد کرتی اداکارہ نوری کی روداد ہے۔

بھاٹی گیٹ کی رہنے والی نوری کی ملاقات اپنے پسندیدہ ہیرو سمیرخان سے ایک ٹی وی اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہوتی ہے اور طبقاتی فرق کے باوجود دونوں ایک دوسرے کے قریب آجاتے ہیں۔

اس کے بعد فلم انڈسٹری کے روایتی ماحول اور کشمکش کا آغاز ہوتا ہے جس میں دونوں میں غلط فہمیاں اور ماہرہ کا ایکسٹرا سے بطور اداکارہ لائم لائٹ میں آںا شامل ہے۔

فلم کے ہیرو بلال اشرف ہیں جن کے چہرے کے سپاٹ تاثرات اور یکسانیت کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس کردار میں انہیں جس وجہ سے چنا گیا ہوگا وہ ان کی شخصت ہے جبکہ اس پر بھی یہ کہا جارہا ہے کہ وہ رنویر سنگھ کے کردار کی کاپی ہے ورنہ اس کے علاوہ بلال کسی بھی طرح اپنی اداکاری سے متاثر نہیں کر پائے۔

فلم میں اگر کچھ واقعی نیا اور دلچسپ کہا جاسکتا ہے تو علیزے شاہ ہیں۔ گو کہ ان کا فلم میں سائیڈ رول ہے لیکن 'چٹکی' کے کردار میں انہوں نے بھرپور محنت کی ہے۔

مجموعی طور پر دیکھیں تو سپر اسٹار میں مصالحہ تو ہے لیکن یہ دیکھنے والوں کے دلوں پر کوئی ناثر چھوڑتے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

ناکامی کے باوجود کامیاب بزنس کا امکان

گوکہ یوٹیوب پر اس کا ٹیلر لاکھوں لوگوں نے دیکھا ، فلم کی ریلیز سے پہلے منظر عام پر آنے والے گانے بھی خوب سنے اور پسند کیے گئے ہیں لیکن فلم بیننوں کو سنیما ہالز تک لانے کے لیے یہ سب کچھ ناکافی ثابت ہوا البتہ فلم مشرق وسطی سمیت متعدد ممالک میں بھی ریلیز ہوئی ہے اس لیے فلم کا خرچہ تو نکلا ہی نکلا ساتھ ہی اچھا خاصا منافع بھی ہاتھ آئے گا۔

دوسرے یہ کہ چونکہ یہ ایک ٹی وی چینل کی پروڈکشن ہے لہذا آخر میں اسے 'قسط وار' ڈرامے کی صورت میں بھی کمائی کا موقع ملے گا۔ ماضی میں فلم 'بن روئے' کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوچکا ہے۔

یہ اگر نہ بھی ہوا تو ٹی وی پر کسی خاص موقع، تہوار یا ویک اینڈ پر فلم کی ریلیز کو لاکھوں یا کروڑوں کے اشتہارات مل جانا بھی نقصان دے سودا نہیں ہوگا اس لیے مالی نقصان کا امکان تقریباً صفر ہے۔

XS
SM
MD
LG