رسائی کے لنکس

نیویارک: جمعے کو عامر خان اور کرس الجیری کا مقابلہ


فائل
فائل

لائیٹ ویٹ باکسنگ کے اس مقابلے میں عامر خان کو ’فیورٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ بروکلن میں عامر خان کا یہ پہلا مقابلہ ہوگا، جہاں پاکستانی نژاد امریکیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور امریکی باکسر کرس الجیری کے درمیان مقابلہ جمعہ کو نیویارک کے علاقے، بروکلن کے برکلے سنٹر میں ہوگا، جس کے لیے بتایا جاتا ہے کہ تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

لائیٹ ویٹ باکسنگ کے اس مقابلے میں عامر خان کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

عامر خان کا بروکلن میں یہ پہلا مقابلہ ہوگا جہاں پاکستانی نژاد امریکیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں باکسروں کی مشترکہ پریس بریفنگ میں بڑی تعداد میں پاکستانی عامر خان کی حمایت کے لئے جمع تھے۔

کرس الجیری طالب علم ہیں اور چاہتے کہ مقابلہ سے حاصل ہونے والی رقم سے وہ اپنا تعلیمی قرضہ چکائیں؛ جبکہ دوسری جانب، عامر خان کا کہنا ہے کہ انھیں یہ فائٹ اپنی چیرٹی میں مدد دے گی۔

عامر خان نے کہا کہ اُنھیں اس بات کا بخوبی علم ہے کہ اُن کے چاہنے والے اُن کے لیے دعائیں کرتے ہیں، جس کے لیے، اُنھوں نے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ وہ اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

عامر خان نے اس سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

مقابلے سے قبل، نیویارک کے علاقے اسٹٹن آئی لینڈ میں رہائش پذیر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ عامر کا مقابلہ نہیں دیکھتیں۔ لیکن، جب وہ جیت جاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کا شکر ضرور ادا کرتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں میں بڑا ٹیلنٹ ہے، اور عامر خان بھی اپنی صلاحیت سے پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے۔

عامر خان نے باکسنگ کا دنیا کا مہنگا ترین مقابلہ جیتنے والے باکسر، مئے ویدر کو بھی چیلنج کر چکے ہیں، اور ان کی تمام تر توجہ اسی مقابلے پر ہے۔

XS
SM
MD
LG