رسائی کے لنکس

برازیل میں فٹ بال اسٹیڈیم 'ڈرائیو ان سنیما' میں تبدیل


برازیل میں ایک فٹ بال اسٹیڈیم کو ڈرائیو ان سنیما میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ یہ کرونا وائرس کے بحران سے بدترین متاثر ملک میں عوام کا جذبہ بحال کرنے کی تازہ کوشش ہے۔

ساحلی شہر ساؤ پولو کا پلمیئرس فٹبال کلب کے اسٹیڈیم میں تین سو کاروں کی گنجائش ہے۔

فٹ بال ٹیم کے ایک پرستار الیسینڈرو ٹیساری نے کہا کہ اس نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن وہ اسٹیڈیم میں فلم دیکھے گا۔

برازیل میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سنیما گھر ان اولین شعبوں میں شامل تھے جنھیں کام بند کرنا پڑا۔ یہ واضح نہیں کہ مزید سنیما کھلیں گے یا نہیں کیونکہ وائرس بدستور متحرک ہے۔

فلمیں دکھانے کے علاوہ اسٹیڈیم میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے پروگرام اور بچوں کے تھیٹر بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔

اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے بدھ کو انٹرٹینمنٹ کی فراہمی کا آغاز کیا اور 19 جولائی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ایک کار میں چار سے زیادہ افراد کو آنے کی اجازت نہیں اور 23 سے 100 ڈالر تک کے ٹکٹ دستیاب ہیں۔

اس سے پہلے امریکہ، یورپ اور متحدہ عرب امارات میں بھی نئے ڈرائیو ان سنیما کھولے گئے ہیں کیونکہ عام سنیما گھروں کے مقابلے میں ان میں سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

امریکہ کے بعد برازیل دنیا میں کرونا وائرس سے بدترین متاثر ملک ہے جہاں 12 لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں اور 55 ہزار سے زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG