رسائی کے لنکس

صومالیہ سے بھی مال بردار کنٹینرز کی برطانیہ آمد پر پابندی


صومالیہ سے بھی مال بردار کنٹینرز کی برطانیہ آمد پر پابندی
صومالیہ سے بھی مال بردار کنٹینرز کی برطانیہ آمد پر پابندی

حکام کے مطابق القاعدہ کے ایک منحرف رکن جابر الفیضی نے دورانِ تفتیش سعودی انٹیلی جنس کے سامنے انکشافات کیے جن میں یمن میں القاعدہ کے مبینہ سربراہ ابراہیم حسن العصری کی حالیہ سرگرمیوں کی اطلاعات بھی شامل تھیں

برطانیہ نےپیر کے روزیمن کے بعد صومالیہ سے بھی مال بردار کنٹینرز کی آمد پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔ یہ قدم جمعرات کو ایسٹ مڈلینڈ ایئر پورٹ پر یمن سے آئے ہوئے ایک یوپی ایس کنٹینر سے بم برآمد ہونے کے بعد اٹھایا گیا۔

پارلیمنٹ کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے برطانوی وزیرِ داخلہ ٹریسی مئی نے اِن خدشات کا اظہار کیا کہ صومالیہ اور یمن کی شدت پسند تنظیموں کے مابین ممکنہ رابطے مستقبل میں بھی بڑے خطرات کابا عث بن سکتے ہیں۔

دہشت گردی کے ناکام واقعے کی ابھی تک کی گئی تفتیش کی تفصیلات بتاتے ہوئے برطانوی وزیرِ داخلہ کے یمن میں سرگرمِ عمل القاعدہ کو برطانیہ کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا۔اُنھوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو یقین ہے کہ یہ بم یمنی القاعدہ نے بنائے اور بھیجے تھے، جو کہ ایک ‘خطرناک تنظیم ہے۔’

‘یہ تنظیم یمن میں برطانوی سفیر پر جان لیوا حملوں میں بھی ملوث رہی ہے، اور یہ کہ یہ تنظیم یقیناًٍمستقبل میں دہشت گردی کی مزید منصوبہ بندی بھی رکھتی ہے۔’

واضح رہے کہ چند روز قبل برطانیہ اور دبئی کے ہوائی اڈوں پر یمن سے امریکہ جانے والے کنٹینر سے پرنٹر کے کارٹن میں چھپائے گئے بم برآمد کیے گئے تھے۔ اِن واقعات کے بعد برطانیہ اور امریکہ سمیت یورپ بھر کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی۔

ادھر برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ایسٹ میڈلینڈ اور دبئی ایئرپورٹ پر کارروائی سعودی انٹیلی جنس کی جانب سے ممکنہ دہشت گردی کی اطلاعات فراہم کرنے کے بعد عمل میں لائی گئیں۔

حکام کے مطابق القاعدہ کے ایک منحرف رکن جابر الفیضی نے دورانِ تفتیش سعودی انٹیلی جنس کے سامنے انکشافات کیے جن میں یمن میں القاعدہ کے مبینہ سربراہ ابراہیم حسن العصری کی حالیہ سرگرمیوں کی اطلاعات بھی شامل تھیں۔

واضح رہے کہ امریکی اور برطانوی انٹیلی جنس اداروں نے حال ہی میں ابراہیم حسن العصری کو اِس تمام سازش کا اہم ملزم قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG