رسائی کے لنکس

برطانیہ میں برف باری اور موسم سرما کی شدت میں اضافہ


ہفتے کی شب برطانیہ میں اس سال کی سب سے سرد رات تھی، جس میں یورک شائر میں مسلسل کئی گھنٹوں کی برفباری کے بعد کمبریا میں درجہ حرارت نقطئہ انجماد سے 11 ڈگری نیچے گر گیا۔

برطانیہ کے مختلف حصوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے جبکہ سردی کی نئی لہر کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی حصوں کے لیے پیر کے روز بھی مزید برف یا برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی طرف سے مزید برف اور برفباری کے خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے ملک کے جنوبی اور شمالی حصوں سمیت اسکاٹ لینڈ کے لیے پیر کے روز بھی خطرے کے انتباہ کے زرد درجے کو برقرار رکھا گیا ہے۔

ہفتے کی شب برطانیہ میں اس سال کی سب سے سرد رات تھی، جس میں یورک شائر میں مسلسل کئی گھنٹوں کی برفباری کے بعد کمبریا میں درجہ حرارت نقطئہ انجماد سے 11 ڈگری نیچے گر گیا۔

ہفتے اور اتوار کو ہونے والی برفباری کے بعد خاص طور پر شمالی برطانیہ میں یورک شائر کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

دارالحکومت لندن اور گریٹر مانچسٹر میں ہفتے کے روز ہلکی پھلکی برفباری ہوئی جبکہ بکنگھم شائر، ڈربی شائر، کینٹ، سرے، مڈلینڈز، یورک شائر اور کمبریا میں کئی انچ تک برف پڑی ہے۔

گذشتہ روز کی برفباری سے سب سے زیادہ شمالی برطانیہ کے علاقے متاثر ہوئے، جہاں کمبریا میں 5 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ جنوبی یورک شائر میں 2 انچ برف پڑی۔

ماہرین موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ برفباری، برف اور بارش کا ملا جلا مجموعہ آہستہ آہستہ مشرق سے ملک بھر میں پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کے شمالی اور جنوبی حصوں میں پیر کے روز بھی ہلکی برف اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیر کے روز سخت موسم کا انتباہ جاری کرتے ہوئے گاڑی چلانے والوں اور ٹرین کا سفر کرنے والے مسافروں سے احتیاط برتنے کے لیے کہا ہے۔

ماہرین موسمیات کی تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں اتوار کی شب درجہ حرارت صفر تک گر جانے کی وجہ سے سڑکوں پر پڑی برف راتوں رات نظر نہ آنے والی ایک شفاف تہہ کی صورت میں جم جائے گی اور پیر کی صبح فٹ پاتھوں اور سڑکوں کی حالت خطرناک ہو جائے گی کیونکہ ایسی برف میں پھسلن بہت زیادہ ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG