رسائی کے لنکس

شام: برطانوی نوجوان ڈاکٹر ہلاک


لندن سےتعلق رکھنے والے ڈاکٹرعبدالرحمن بدھ کے روز ہسپتال پر ہونے والی بمباری کے باعث شدید زخمی ہو گئے تھے جس کے کچھ ہی دیر بعد ان کی موت واقع ہو گئی۔

ایک برطانوی نوجوان ڈاکٹر جو شام میں جاری خانہ جنگی میں زخمی ہونے والےشہریوں کا رضا کارانہ طور پر علاج کر رہے تھے، ایک عارضی ہسپتال پر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
26 سالہ ڈاکٹر عیسی عبدالرحمن گذشتہ ایک برس سے برطانیہ کے ایک فلاحی ادارے ’ہینڈ ان ہینڈ سریا‘ کے ساتھ شام کے شمال مغربی صوبے الد لب میں ایک خفیہ ہسپتال سے زخمی شہریوں کے علاج ومعالجے کا کام کر رہے تھے۔
ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق لندن سےتعلق رکھنے والے ڈاکٹر عبد الرحمن بدھ کے روز ہسپتال پر ہونے والی بمباری کے باعث شدید زخمی ہو گئے تھے جس کے کچھ ہی دیر بعد ان کی موت واقع ہو گئی جبکہ اس واقعہ میں ان کے علاوہ دو شہریوں کی ہلاکت اور دو افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
اس واقعہ کا ذمہ دار ادارے نے شامی حکومت کو ٹھہرایا ہے جس کی فوجیں عام شہری علاقوں پربموں سے حملہ کر رہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبدالرحمن لندن امپیرئل کالج سےگریجویشن کرنے کے بعد رائل فری ہسپتال میں ملازمت کر رہے تھے وہ شادی شدہ تھے لیکن انھوں نے اس عظیم مقصد کے لیے نہ صرف اپنا گھر اورخاندان چھوڑا بلکہ ایک بہترین پروفیشنل لائف سے بھی کنارہ کشی اختیار کر لی اور شام کی خون ریز گلیوں میں جاکر مظلوموں کی داد رسی کا فیصلہ کیا۔
ادارے کے سربراہ فادی سلاؤ کے مطابق، ’میری عیسیٰ کے ساتھ بہت دوستی تھی۔ ہم نے ایک ساتھ بہت وقت گزارا تھا جب میں دو برس قبل ان سے ملا تھا تو مجھے وہ ایک شرمیلا نوجوان لگا تھا۔ وہ ایک بہادر اور اپنے پیشے کے ساتھ انتہائی مخلص شخص تھا جو بھی اسے جانتا ہے وہ اس کی موت پر غمزدہ ہے لیکن ان کی اس المناک موت کے باوجود یہ بات ہمارے لیے باعث تسلی ہے کہ انھوں نے جس کام کی انجام دہی کے دوران اپنی جان گنوائی وہ انھیں سب سے زیادہ عزیز تھا۔‘
ڈاکٹر عبدالرحمن کی موت کے بعد ہینڈان ہینڈ سریا کی جانب سے ان کی ویب سائٹ پر ڈاکٹر عیسی عبدالرحمن کے لیےایک چندے کی اپیل کی گئی تھی جس میں پیر کے روز تک 33 ہزار 500 سو پاؤنڈ کی رقم جمع کی جاچکی ہے۔
ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس رقم سے شام کے نواحی علاقے میں ان کے نام سے ہسپتال قائم کیا جائے گا۔
ویب سائٹ نے انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ،’ایک بہادر نوجوان ڈاکٹر جس نے دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے اپنی جان دے دی۔‘
XS
SM
MD
LG