رسائی کے لنکس

مانچسٹر ٹیسٹ: غیر مہذب زبان استعمال کرنے پر اسٹوورٹ براڈ پر جرمانہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر انگلش ٹیم کے فاسٹ بالر اسٹوورٹ براڈ پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلش فاسٹ بالر اسٹوورٹ براڈ پر غیر مہذب زبان استعمال کرنے کا الزام ثابت ہونے پر میچ فیس کا 15 فی صد جرمانہ عائد ہوا ہے۔

میچ ریفری کرس براڈ نے یہ جرمانہ عائد کیا ہے جو اسٹوورٹ براڈ کے والد ہیں۔

میچ ریفری کرس براڈ نے اسٹوورٹ کو ایک منفی پوائنٹ بھی دیا ہے۔

اسٹوورٹ براڈ پر پاکستانی بلے باز یاسر شاہ کو مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آؤٹ کرنے کے بعد غیر مہذب زبان استعمال کرنے کا الزام تھا۔

اسٹوورٹ نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کرس براڈ کا فیصلہ بھی تسلیم کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ کرس براڈ ماضی میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ اس وقت وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل میں شامل ہیں۔

کرس براڈ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے میچ ریفری ہیں۔

کسی کھلاڑی کی جانب سے کسی دوسرے کھلاڑی کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کرنا، آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل ٹو پوائنٹ فائیو کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

انگلینڈ نے مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں اسٹوورٹ براڈ نے پاکستان کے خلاف دونوں اننگز میں 3،3 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پہلی اننگز میں ناٹ آوٹ رہتے ہوئے 29 اور دوسری اننگز میں سات رنز بنائے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 13 اگست سے ساؤتھ ہمپٹن میں شروع ہو گا۔

XS
SM
MD
LG