رسائی کے لنکس

مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست، ناامید ہونے کی ضرورت نہیں: مصباح الحق


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست کے بعد کہا ہے کہ شائقین کو اس شکست سے نا امید ہونے کی ضرورت نہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کا ایک مضمون جاری کیا ہے جس میں ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ہم بھی مداحوں کی طرح دل شکستہ ہیں مگر اسی کا نام کرکٹ ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے باوجود ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔ میچ کے آخری سیشن کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس ٹیسٹ میں اپنی گرفت برقرار رکھی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ابتدائی طور پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی تھی لیکن کرس ووکس اور جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے تین وکٹوں سے میچ اپنے نام کر لیا۔

مصباح الحق کے بقول یقیناً ہمیں اپنے کھیل میں 10 سے 15 فی صد مزید بہتری اور دباؤ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ مگر ہمیں نا امید ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہمیں مایوسی کو اپنے ذہنوں سے نکالنا ہو گا ورنہ کھیل میں واپسی مشکل ہو گی۔ ان کے بقول کھلاڑیوں کو بھی خود پر بھروسا ہے کہ وہ سیریز میں واپس آ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ ایک سنسنسی خیز میچ تھا۔ انگلینڈ نے جس طرح فائٹ بیک کیا اُنہیں اس کا پورا کریڈٹ دیا جانا چاہیے۔ وہ خسارے میں جانے کے باوجود میچ جیت گئے۔

مصباح الحق نے اپنے مضمون میں مزید لکھا ہے کہ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بعض اوقات قسمت آپ کا ساتھ نہیں دیتی۔ کبھی حریف ٹیم بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتی ہے اور یہی کھیل کا حسن ہے۔

ان کے بقول دوسری اننگز میں کرس ووکس اور جوس بٹلر کے درمیان قائم ہونے والی شراکت ہمیں مہنگی پڑی۔ انہوں نے بہترین جوابی وار کیا جس کے سبب کچھ ناتجربہ کاری تو کچھ پریشانی سے ہمیں نقصان ہوا۔

مصباح کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ہمیں مزید بہتری کی ضرورت ہے مگر ہم نے چھ ماہ میں اپنی پہلی بین الاقوامی سیریز میں ایک صفِ اول کی ٹیم کے خلاف بہتر کھیل پیش کیا ہے۔

پاکستان کے ہیڈ کوچ نے اوپننگ بلے باز شان مسعود کی تعریف کی۔ ان کے بقول ​شان مسعود نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان کے کھیل کی بدولت ہی میچ کی رفتار اور انداز میں تبدیلی آئی۔

شان مسعود نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 156 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ اس اننگ کے بعد شان مسعود پاکستان کی جانب سے مسلسل تیسری مرتبہ سنچری بنانے والے چھٹے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG