رسائی کے لنکس

بوکو حرام کے قبضے سے 5000 افراد بازیاب کروانے کا دعویٰ


کیمرون کے فوجی۔ فائل فوٹو
کیمرون کے فوجی۔ فائل فوٹو

عیسیٰ چروما نے بتایا کہ فوجیوں نے مندارا کی پہاڑیوں میں شدت پسندوں کا قائم کردہ ایک پناہ گزین کیمپ، پٹرول کا ایک ڈپو اور بارود بنانے والی فیکٹری تباہ کردی۔

کیمرون نے کہا ہے کہ اس کی فورسز نے اپنی شمالی سرحد کے ساتھ موجود بوکو حرام کے ایک مضبوط ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے کم از کم 60 شدت پسندوں کو ہلاک اور بھاری مقدار میں اسلحہ قبضے میں لیا ہے۔

وزیر مواصلات اور حکومت کے ترجمان عیسیٰ چروما باکری نے بتایا کہ 26 جنوری سے نائیجریا کے فوجیوں کی معاونت سے کیمرون کے فوجیوں نے مندارا کی پہاڑیوں میں موجود بوکو حرام کے مضبوط ٹھکانوں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی اور اب تک شدت پسندوں کے قبضے سے عورتوں اور بچوں سمیت پانچ ہزار سے زائد لوگوں کو رہا کروایا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران 60 شدت پسندوں کو ہلاک اور 20 سے زائد مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا جو تفتیش کاروں کو بوکو حرام سے متعلق معلومات جمع کرنے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

عیسیٰ چروما نے بتایا کہ فوجیوں نے مندارا کی پہاڑیوں میں شدت پسندوں کا قائم کردہ ایک پناہ گزین کیمپ، پٹرول کا ایک ڈپو اور بارود بنانے والی فیکٹری تباہ کر دی۔ علاوہ ازیں بوکو حرام کے راہنما کے گھر کو بھی مسمار کر دیا گیا جو کہ شدت پسندوں کی کمین گاہ کے طور پر بھی استعمال ہوتا تھا۔

رہا کروائے جانے والوں کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ ان میں بڑی عمر کے لوگ بھی شامل تھے اور تمام افراد کو نائیجیریا کے قصبے بنکی میں قائم ایک کیمپ میں منتقل کیا گیا جنہیں وہاں کیمرون اور نائیجیریا کے فوجی شعبہ صحت کے لوگ طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔

عیسیٰ چروما کے بقول ان کارروائیوں میں فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ چھ سالوں سے بوکو حرام کی پرتشدد کارروائیوں میں 25 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جب کہ لگ بھگ 23 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

XS
SM
MD
LG