رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کی گرفت مضبوط، پاکستان کے خلاف 205 رنز کی برتری


کپتان ڈوپلیسی اور باووما کی شاندار شراکت کی بدولت جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 117 رنز کے جواب میں 6 کٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنا کر 205 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

دونوں بیٹسمینوں نے مشکل وکٹ پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 156رنز جوڑے۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں دوسرے دن کا پہلا سیشن ملا جلا رہا جہاں پاکستانی بولرز نے عمدہ بولنگ کی اور دو وکٹیں حاصل کیں، وہیں ’پروٹیز‘ نے نا صرف پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کیا، بلکہ 11 رنز برتری بھی لے لی۔

اس سیشن میں محمد عباس نے ہاشم آملہ کو شاندار کلین بولڈ کیا، وہ 24رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ڈی بروئن کو 13رنز پر شاہین آفریدی نے بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

پہلے ٹیسٹ کی طرح اس میچ میں بھی سلپ فیلڈر اظہر علی کے ایک اور کیچ پر تنازع پیدا ہوا۔ محمد عباس کی گیند باووما کے بیٹ کا کنارہ لے سلپ میں گئی جہاں اظہر علی نے بظاہر اُسے زمین سے مس ہونے سے پہلے دبوچ لیا، فیلڈ امپائر بروس اوکسنفورڈ نے تھرڈ امپائر ایس روی سے رجوع کیا۔ انہوں نے کئی بار ری پلے دیکھنے کے بعد باووما کو ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔

ایسا ہی متنازع معاملہ ’سینچورین ٹیسٹ‘ میں بھی پیش آیا تھا جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر اظہر علی نے سلپ میں ایلگر کا کیچ لیا تھا، جسے ٹی وی امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا تھا، جس پر کوچ مکی آرتھر نے میچ ریفری کے آفس میں داخل ہو کر غصے کا اظہار کیا تھا۔

کھانے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقی بیٹسمین پاکستانی بولرز پر حاوی رہے اور ڈوپلیسی نے باووما کے ساتھ مل کر آہستہ آہستہ اننگز کو مستحکم کرتے ہوئےمیچ پر ٹیم کی گرفت مضبوط کر دی۔

اس دوران ڈوپلیسی نے سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی مجموعی طور پر 9ویں سنچری ہے۔

باووما نے بھی کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور 75 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں156 رنز جوڑ کر مہمان ٹیم کے حوصلے پست کر دیئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین ڈی کوک نے پاکستانی بولرز کو اعتماد کے ساتھ کھیلا اور ڈوپلیسی کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ مجموعی اسکور جب 356 پر پہنچا تو ڈوپلیسی 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو ڈی کوک 55 اور فلینڈر 6رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

شاہین شاہ آفریدی تین وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے سب سے کامیاب بولر رہے، جبکہ محمد عامر، محمد عباس اور شان مسعود نے ایک ایک وکٹ لی۔

XS
SM
MD
LG