رسائی کے لنکس

فیڈل کاسترو کے بیٹے نے خود کشی کرلی


کاسترو ڈیاز بلارت کی فائل فوٹو
کاسترو ڈیاز بلارت کی فائل فوٹو

ڈیاز بلارٹ کی عمر 68 سال تھی اور انہیں اپنے والد سے بہت زیادہ مشابہت کی بنیاد پر کاسترو جونیئر اور 'فیدیلیتو' بھی کہا جاتا تھا۔

کیوبا میں کمیونسٹ انقلاب کے بانی فیڈل کاسترو کے سب سے بڑے بیٹے فیڈل کاسترو ڈیاز بلارت نے خود کشی کرلی ہے۔

کیوبا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیاز بلارت گزشتہ کئی ماہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔

ان کی لاش جمعرات کی صبح ان کی رہائش گاہ سے ملی۔

ڈیاز بلارٹ کی عمر 68 سال تھی اور انہیں اپنے والد سے بہت زیادہ مشابہت کی بنیاد پر کاسترو جونیئر اور 'فیدیلیتو' بھی کہا جاتا تھا۔

ایک سرکاری ویب سائٹ کے مطابق کاسترو جونیئر کو شدید ڈپریشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں سے فارغ ہونے کے بعد بھی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کئی ماہ سے ان کا علاج کر رہی تھی۔

ڈیاز بلارت ایک جوہری سائنس دان تھے جنہوں نے سابق سوویت یونین سے تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ اپنی موت سے قبل تک کیوبن کونسل آف اسٹیٹ سے سائنسی کونسلر کے طور پر منسلک تھے اور کیوبا کی اکیڈمی آف سائنسز کے نائب صدر کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

مسلح جدوجہد کے نتیجے میں کیوبا میں کمیونسٹ انقلاب لانے والے فیدل کاسترو کا انتقال 26 نومبر 2016ء کو 90 برس کی عمر میں ہوا تھا۔

اس وقت فیدل کاسترو کے چھوٹے بھائی راؤل کاسترو کیوبا کی کمیونسٹ حکومت کے سربراہ ہیں جنہیں فیڈل کاسترو نے اپنی زندگی میں ہی اقتدار سونپ دیا تھا۔

کیوبا کے حکمران کاسترو خاندان کے افراد کے معمولات اور معاملات ذرائع ابلاغ کی زینت نہیں بنتے اور یہی وجہ ہے کہ کیوبا کے عوام کے لیے ڈیاز بلارت کے کئی ماہ سے ڈپریشن کا شکار ہونے اور خود کشی کرنے کی خبر اچنبھے کا باعث بنی ہے۔

XS
SM
MD
LG