رسائی کے لنکس

برطانیہ: چوہوں کا شکار کرنے والے سرکاری بلے کی 'ریٹائرمنٹ'


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں وزارتِ خارجہ کے دفتر میں چوہوں کا شکار کرنے والے سرکاری بلے نے 'ریٹائرمنٹ' لے لی ہے۔

پالمرسٹن نامی سرکاری بلے کو 2016 میں دفترِ خارجہ میں چوہوں کا قلع قمع کرنے کے لیے رکھا گیا تھا۔

یہ بلا دفترِ خارجہ میں کوریج کے لیے آنے والے فوٹو گرافرز میں بھی بہت مقبول تھا جب کہ اس کے نام سے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہے جس کے ایک لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلے کو آرام دینے کی غرض سے اس کی دفترِ خارجہ میں ڈیوٹی ختم کی گئی ہے۔

اب وہ دفترِ خارجہ کے ایک اسٹاف ممبر کے گھر اپنا وقت گزارے گا۔

دفتر خارجہ میں تعینات فرسٹ سیکریٹری سائمن میک ڈونلڈ کی جانب سے بلے کی جانب سے حکام کو ایک تصوراتی خط لکھا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اب وہ دفترِ خارجہ میں غیر ملکی رہنماؤں کی سرگوشیاں سننے میں دلچپسی سے زیادہ کھلی فضا میں اپنی زندگی بسر گزارنے کو ترجیح دے گا۔

سائمن میک ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے دفترِ خارجہ کا بیشتر عملہ گھر سے کام کر رہا تھا جب کہ پالمرسٹن بھی ایک اسٹاف ممبر کے گھر رہا اور اسے کھلی آب و ہوا پسند آئی اور اب وہ وہیں رہے گا۔

دفترِ خارجہ کے حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ پالمرسٹن کی جگہ اب کسے چوہوں کا شکار کرنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG