رسائی کے لنکس

امریکہ میں کرونا کی برطانوی قسم سب سے زیادہ عام ہوگئی: سی ڈی سی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں وبائی امراض کو کنٹرول کرنے والے ادارے 'سی ڈی سی' نے کہا ہے کہ امریکی ریاستوں میں اس وقت کرونا وائرس کی وہ قسم سب سے زیادہ عام ہے، جو برطانیہ میں دریافت ہوئی تھی۔

وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس کی رسپانس ٹیم کی بریفنگ کے دوران سی ڈی سی کی ڈائریکٹر روشیل ولنسکی نے کہا کہ کرونا وائرس کی یہ نئی قسم نوجوان امریکیوں میں انتہائی متعدی ہے، جس کی وجہ سے پچھلے کئی ہفتوں میں تیزی سے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

سی ڈی سی کی ڈائریکٹر نے تازہ ترین اعداد و شمار پیش کیے جن کے مطابق پچھلے ایک ہفتے میں امریکہ میں روزانہ 2.3 فیصد کے اضافے سے اوسطاً 62 ہزار 878 کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

ان کے مطابق ڈے کئیر اور سپورٹس کے مراکز کے گرد رہنے والے نوجوانوں میں زیادہ تعداد میں کیسز کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

امریکہ میں کرونا سے ہسپتال داخل ہونے والوں کی تعداد میں بھی 2.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ولنسکی کا کہنا ہے کہ ان کے مشاہدے میں آ رہا ہے کہ 30 اور 40 کی عمر کے افراد زیادہ تعداد میں شدید نوعیت کے کیسز کے ساتھ ہسپتالوں میں لائے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ امریکہ میں روزانہ 30 لاکھ افراد کو ویکسین دی جا رہی ہے لیکن وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے یہ اچھی خبر ماند پڑ رہی ہے۔

انہوں نے جہاں ویکسی نیشن پروگرام کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا، وہیں ان کا کہنا تھا کہ آبادیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کی صورتحال کے لحاظ سے لوگ حفاظتی اقدامات کریں اور جن علاقوں میں وبا کا زور زیادہ ہے، وہاں اِن ڈور کھیلوں سے اجتناب کرنا مناسب ہے، جبکہ دیگر ضروری کام چھ فٹ کی دوری اختیار کرتے ہوئے کئے جانے ضروری ہیں۔

انہوں نے بڑے اجتماعات سے پرہیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

XS
SM
MD
LG