رسائی کے لنکس

پارسل بم بھیجنے کے شبہے میں فلوریڈا سے ایک شخص گرفتار


ڈاک کے ذریعے مختلف امریکی شخصیات کو پائپ بم بھیجنے کے شبہے میں گرفتار کیا جانے والا شخص سیزرسیاک۔ 26 اکتوبر 2018
ڈاک کے ذریعے مختلف امریکی شخصیات کو پائپ بم بھیجنے کے شبہے میں گرفتار کیا جانے والا شخص سیزرسیاک۔ 26 اکتوبر 2018

امریکہ کے وفاقی حکام نے ڈاک کے ذریعے 12 مشتبہ پیکٹوں میں بم بھیجنے کے شبہے میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔

جسٹس ڈپارٹمنٹ کی ترجمان سارا اسگور فلورس نے بتایا کہ حکام اس بارے میں جلد ہی ایک نیوز کانفرنس کرنے والے ہیں۔

میڈیا چینلز نے قانون فافذ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ میامی کے قریب سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ مقامی ٹیلی وژن اسٹیشنوں سے نشر کی جانے والی ویڈیو فوٹیج میں پولیس کو ایک سفید ویگن کا معائنہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس کی کھڑکی پر سیاسی سٹکر لگے ہوئے ہیں۔ ویگن کو لے جانے کے لیے ایک ٹرک پر لادا گیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ یہ گرفتاری جمعے کے روز مزید دو مشتبہ پارسل بم پکڑے جانے کے بعد ہوئی۔ ان میں سے ایک پیکٹ فلوریڈا میں جب کہ دوسرا نیویارک میں پکڑا گیا۔ ابھی تک کوئی بم پھٹا نہیں ہے لیکن بموں کی بڑی تعداد نے حکام کو انتہائی چوکس کر دیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق گرفتار کیے جانے والے شخص کی شناخت سیزر سیاک کے طور پر ظاہر کی گئی ہے۔ اس کی عمر 56 سال ہے اور پولیس حکام کے مطابق اس کا ایک طویل مجرمانہ ریکارڈ ہے۔ فلوریڈا میں رہنے والا یہ شخص اس سے قبل بھی بم کی دھمکی کے سلسلے میں گرفتار ہو چکا ہے۔

فلوریڈا کی پولیس کا کہنا ہے اس کے جرائم کا آغاز 29 سال کی عمر میں چوری سے ہوا تھا۔ سن 2002 میں اسے بم کی دھمکی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے اسے آخری بار 2015 میں گرفتار کیا تھا۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیزر سیاک، ری پبلیکن کے طور پر رجسٹرڈ ہے۔

XS
SM
MD
LG