رسائی کے لنکس

برطانیہ کی نئی شہزادی، شارلٹ الزبیتھ ڈیانا


محل سےجاری ہونے والے بیان کے مطابق، ڈیوک آف کیمبرج اور ڈچز آف کیمبرج بڑی خوشی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ انھوں نے اپنی بیٹی کا نام 'شارلٹ الزبتھ ڈیانا' رکھا ہے

برطانیہ کی نئی شہزادی کا نام 'شارلٹ الزبیتھ ڈیانا' رکھا گیا ہے۔اس بات کا اعلان سوموار کو کنزنگٹن محل کے ٹوئٹر اکاونٹ سےکیا گیا ہے۔

محل سےجاری ہونے والے بیان کے مطابق،'ڈیوک آف کیمبرج اور ڈچزآف کیمبرج بڑی خوشی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ انھوں نے اپنی بیٹی کا نام 'شارلٹ الزبتھ ڈیانا' رکھا ہے'۔

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی صاحبزادی کو باضابطہ طور پر 'ہر رائل ہائی نیس پرنسس آف کیمبرج' کے نام سےجانا جائے گا۔

شہزادی شارلٹ کی پیدائش ہفتےکی صبح وسطی لندن کے سینٹ میری اسپتال میں ہوئی جس کے ساتھ ہی ایک طرف شہزادی کےنام کےحوالے سےقیاس آرائیوں نے زور پکڑ لیا تو دوسری جانب شاہی خاندان کے مداحوں میں شہزادی کا نام جاننےکےحوالےسے بھی اشتیاق بڑھ گیا تھا۔

علاوہ ازیں، شہزادی کے لیےجن پسندیدہ ناموں پر بکیز کی جانب سے شرطیں لگائی جا رہی تھیں۔ ان ناموں کی فہرست میں ایلس پہلا اور شارلٹ دوسرا پسندیدہ نام ہے ان کے علاوہ الزبتھ اور ڈیانا بھی پسندیدہ ناموں میں شامل تھے۔

ذرائع ابلاغ کیا جانب سے قیاس ظاہر کیا گیا کہ شہزادہ ولیم نے اپنے والد شہزادہ چارلس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اپنی بیٹی کا نام شارلٹ رکھا ہے۔

شارلٹ دراصل چارلس نام کا مونث یا نسائی نام ہے جو کہ فرانسسی زبان سے نکلا ہے۔ فرانسسی زبان میں شارلٹ کا مفہوم نازک اندام یا لڑکی ہے۔

مورخین کے حوالے سے پتا چلتا ہے کہ شارلٹ انیسویں صدی کا مقبول ترین نام رہا ہے۔ اس زمانہ میں ملکہ شارلٹ کی وجہ سے یہ نام خاصا پسند کیا جاتا تھا۔

جبکہ 1980ء میں شارلٹ برطانیہ میں ایک بار پھر سے لڑکیوں کا مقبول نام بن گیا۔

کہا جا رہا ہے کہ شہزادہ ولیم کی جانب سے اپنی بیٹی کے لیےمڈل نام کے انتخاب میں الزبیتھ کے چناؤ سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ انھوں نے اپنی بچی کا نام ملکہ عالیہ کوئین الزبیتھ دوئم کے اعزاز میں رکھا ہے۔

شاہی جوڑے نے شہزادی کا آخری نام ڈیانا رکھا ہے ،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہزادہ ولیم نے اپنی آنجہانی والدہ ڈیانا کی یادوں کو نئی نسل کی شہزادی کے نام کے ساتھ ایک بار پھر سے زندہ کر دیا ہے۔

شہزادی شارلٹ الزبتھ ڈیانا کے نام کا تاریخی پس منظر

رائل تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے بچی کا نام رکھنے میں شاہی خاندان کی برسہا برس کی روایت کو اسی طرح برقرار رکھا ہے۔ تاہم، شارلٹ نام کے ساتھ مڈلٹن خاندان کا حسب نسب بھی جڑا ہوا ہے۔

ٹیلی گراف کے ایک مضمون کے مطابق شاہی خاندان کی تاریخ میں شارلٹ نام کی ایک شہزادی ہوا کرتی تھی، وہ جارج چہارم کی اکلوتی اولاد تھی اور برطانوی سلطنت کے وارثوں میں سےتھی۔ لیکن صرف اکیس برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھی۔ شہزادی شارلٹ کی شادی 2 مئی کو انجام پائی تھی جس روز شہزادہ ولیم کی بیٹی اس دنیا میں آئی ہے۔

مورخین کہتے ہیں کہ شہزادی شارلٹ سے پہلے ان کی دادی کانام بھی شارلٹ تھا،ملکہ شارلٹ جارج چہارم کی اہلیہ تھیں۔ وہ جرمن نژاد تھیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شارلٹ شہزادی کیٹ کے حسب نسب کا بھی حصہ ہے جو ان کے والد مائیکل مڈلٹن کی والدہ کی طرف سے آیا ہے اور شہزادی کیٹ کی چھوٹی بہن پیپا مڈلٹن کا وسطی نام بھی شارلٹ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ الزبیتھ نام کے ساتھ شہزادی کیٹ مڈلٹن کو بھی انسیت ہے، ان کی والدہ کارل مڈلٹن اور خود شہزادی کیتھرین مڈلٹن کا مڈل نام بھی الزبیتھ ہے۔

جبکہ، ڈیانا نام اس بات کی علامت ہے کہ شاہی جوڑے نے اپنی بیٹی کا نام آنجہانی دادی لیڈی ڈیانا کی یاد میں رکھا ہے۔

شہزادی ڈیانا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ شاہی خاندان کی پہلی اور واحد شہزادی تھیں جن کا نام لاطینی زبان سے تھا، ان کے نام کا لاطینی زبان میں مفہوم مقدس ہے۔

XS
SM
MD
LG