رسائی کے لنکس

چلی: زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیےمزید امداد کی اپیل


ریڈکراس کی بین الاقوامی فیڈریشن اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے چلی کے تباہ کن زلزلے میں زندہ بچ جانےوالے ہزاروں افراد کی مدد کے لیے اس سال کے آخر تک تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کی نظرثانی شدہ اپیل کی ہے۔ چلی میں ریڈکراس کے ایک عہدے دار نے وی او اے کو بتایا کہ ادارے کو سانحے کے نتیجے میں بے گھر اور صدمے سے دوچار ہونے والے متاثرین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی امدادی کارروائیوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔

چلی کے دارالحکومت سان تیاگو میں ان دنوں مطلع صاف اور موسم خوشگوار ہے ، لیکن بارشوں کے شروع ہونے کے ساتھ ہی موسم جلد تبدیل ہوجائے گا۔ ریڈکراس کی بین الاقوامی فیڈریشن کی ترجمان ماریہ فرانکوئس بوریل نے کہا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے زلزلے سے متاثرہ ان ہزاروں لوگوں کے لیے بے شمار مسائل پیدا ہوجائیں گے جن کے گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

سان تیاگو سے ٹیلی فون پر ایک انٹرویو میں ترجمان نے وی او اے کو بتایا کہ انہوں نے زلزلے سے بری طرح متاثرہ علاقے ناؤلی کا فضائی جائزہ لیا تھا اور انہیں گھروں اور بنیادی انتظامی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی سطح دیکھ کر سخت پریشانی ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے شہروں میں بجلی اور پانی کی فراہمی کی بحالی کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں لیکن وہ جن دیہی علاقوں میں گئیں ، وہاں ابھی تک زندگی کی ان چیزوں کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہاں لوگوں کو پانی، نکاسی آب اور سب سے بڑھ کر یہ کہ پناہ گاہوں کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو اپنے سروں پر کسی چھت کی ضرورت ہے۔ بارشوں کاموسم قریب ہے اور سردیاں ابھی گئی نہیں ہیں۔ ایسے میں ہمیں اس چیز کو یقینی بنانا ہے کہ بے گھر ہوجانے والے ان ہزاروں لوگوں کوکسی قسم کی کوئی پناہ گاہ میسر ہو۔

ماریا فرانکوئس کہتی ہیں کہ بہت سے لوگ خیموں میں رہ رہے ہیں۔ کچھ اپنے رشتے داروں اور دوستوں کےساتھ رہ رہے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ بارشوں کے مقابلے کے لیے لکڑی کی عارضی پناہ گاہیں تعمیر کرنے کی ضرورت ہوگی ، جو خیموں سے زیادہ مضبوط ہوتی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک اور ترجیحی مسئلہ صحت کی دیکھ بھال کا ہے۔

ترجمان کا کہناتھاکہ بہت سے شہروں میں اسپتال یا تو تباہ ہوچکے ہیں یا انہیں بری طرح نقصان پہنچا ہے اور ہمیں اس چیز کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال کی سہولتیں مسلسل ملتی رہیں۔ و ہ کہتی ہیں کہ ان چیزوں کا تعلق زلزلے سے پہنچنے والے ذہنی صدمے سے نہیں ہے کیونکہ اس سلسلے میں خاصی پیش رفت کی جاچکی ہے۔ لیکن ہمیں اب یہ یقینی بنانا ہے کہ لوگوں کو عام بیماریوں کے لیے صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات تک عام رسائی ہوسکے۔

اس کے علاوہ ریڈ کراس کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ اپنے عزیزوں اور پیاروں کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں اور اپنی بسر اوقات سے محرومی کے نتیجے میں سخت صدمے سے گذررہے ہیں ، انہیں بہت زیادہ نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والی مالی امداد کو چلی کی ریڈکراس سوسائٹی کو مضبوط بنانے اور نئے رضاکاروں کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ وہ مستقبل میں کسی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے بہتر طورپر تیار ہوں۔

XS
SM
MD
LG