رسائی کے لنکس

چین: بم دھماکوں میں 2 افراد ہلاک، 6 زخمی


چین: بم دھماکوں میں 2 افراد ہلاک، 6 زخمی

چینی پولیس ملک کے جنوب مشرقی صوبے کی سرکاری عمارات میں ہونے والے ان بم دھماکوں کی تحقیقات میں مصروف ہے جن میں دو افراد ہلاک اور کم از کم چھ دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

جمعرات کی صبح ہونے والے یہ دھماکے صوبہ جیانگ ژی کے شہر فوژو میں 10 سے 15 منٹ کے وقفے سے ہوئے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ دو دھماکے کار بم حملوں کا نتیجہ تھے جبکہ ایک بم دھماکا ایک سرکاری عمارت کے احاطے میں ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکوں سے نزدیکی عمارات کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ کم از کم 10 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی "ژینہوا" کے مطابق حکام کو شبہ ہے کہ بم دھماکوں میں ایک مقامی کسان ملوث ہے جس نے مبینہ طور پر کسی معاملہ پر حکومتی کارروائی سے دل برداشتہ ہوکر یہ اقدام اٹھایا۔

ایجنسی نے سرکاری حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ پہلا دھماکا سرکاری پراسیکیوٹر کے دفتر کے باہر کھڑی ایک گاڑی میں ہوا جس سے عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے۔ کچھ لمحوں بعد ہی ضلعی حکومت کے ایک دفتر کی پہلی منزل پر دوسرا دھماکا ہوا جبکہ اس کے کچھ دیر بعد تیسرا دھماکا شہرمیں واقع انسدادِ منشیات کے ادارے کے دفتر کے باہر کھڑی گاڑی میں نصب بم کے پھٹنے سے ہوا۔

XS
SM
MD
LG