رسائی کے لنکس

چین میں جعلی 'ایپل اسٹورز' کی موجودگی کا انکشاف


چین میں جعلی 'ایپل اسٹورز' کی موجودگی کا انکشاف
چین میں جعلی 'ایپل اسٹورز' کی موجودگی کا انکشاف

چین میں مقیم ایک امریکی خاتون بلاگر نے معروف امریکی ٹیکنالوجی فرم 'ایپل' کے چین میں موجود کم از کم تین جعلی اسٹورز کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے جن کی تعمیر ہو بہو کمپنی کے اصل مراکز کی طرز پر کی گئی ہے۔

امریکی خاتون نے چین کے جنوبی شہر کنمِنگ میں موجود ان تین اسٹورز کی تصاویر اپنے بلاگ 'برڈ ایبروڈ' پر شائع کی ہیں جن میں اسٹورز کا نقشہ ہوبہو ا'یپل' کے اصل اسٹورز جیسا ہے۔ جعلی اسٹورز پر موجود ملازمین نے کمپنی کی روایتی بلیو ٹی شرٹس بھی زیبِ تن کر رکھی ہیں جن پر سیب کی شکل والا کمپنی کا معروف لوگو بھی چھپا ہوا ہے۔

خاتون بلاگر کا کہنا ہے کہ اسٹورز کی ناقص تعمیر ، داخلی آرائش اور ان میں سے ایک اسٹور پر موجود بورڈ پہ درج 'ایپل اسٹور' کے غلط ہجے سے یہ ظاہر ہوا کہ یہ اسٹورز نقلی ہیں۔

واضح رہے کہ کمپنی کے اصل اسٹورز کے باہر صرف کمپنی کا روایتی نشان بنا ہوتا ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ ان نقلی اسٹورز پر فروخت کیے جانے والے آلات 'ایپل' کے اپنے تیار کردہ ہیں اور آیا وہ کام بھی کرتے ہیں یا نہیں۔

'ایپل' کے تیار کردہ آئی فون' اور 'آئی پیڈ' چین میں انتہائی مقبول ہیں۔ امریکی کمپنی کے چین میں صرف چار باقاعدہ اسٹورز ہیں جن میں سے دو دارالحکومت بیجنگ جبکہ دو شنگھائی میں قائم ہیں۔ کمپنی کی جانب سے کئی مقامی اداروں کو بھی چین میں اپنی مصنوعات کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے تاہم ان میں سے کوئی بھی کنمِنگ میں وجود نہیں رکھتا۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ چینی حکومت کی جانب سے مصنوعات کی نقل تیار کرنے والوں کےخلاف کارروائی کرنے کی کئی یقین دہانیوں کے باوجود چین اب بھی دنیا میں جعلی مصنوعات کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے ۔

XS
SM
MD
LG