رسائی کے لنکس

چین کا امریکہ کو چینگڈو میں قائم قونصل خانہ بند کرنے کا حکم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین نے امریکہ کو مغربی شہر چینگڈو میں قائم اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

چین کا یہ اقدام ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ نے منگل کو ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ تین روز کے اندر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

چین کی وزارتِ خارجہ نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کے غیر منصفانہ اقدام کے خلاف چین نے جائز اور ضروری قدم اٹھایا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔

امریکہ اور چین کے درمیان تجارت، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات، جاسوسی کے الزامات، ہانگ کانگ میں نئے سیکیورٹی قانون کے نفاذ اور چین کے ایغور مسلمانوں کے حقوق کے معاملے پر دونوں ملکوں میں تناؤ پایا جاتا ہے۔

چین کی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق امریکہ اور چین کے درمیان موجودہ تعلقات کی صورتِ حال وہ نہیں جس کی چین خواہش رکھتا ہے اور اس تمام تر صورتِ حال کا ذمہ دار امریکہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ پر ایک مرتبہ پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے 'غلط فیصلوں' پر نظر ثانی کرے اور دوطرفہ بات چیت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔

یاد رہے کہ امریکہ کے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سفارت خانے کے علاوہ پانچ مختلف شہروں میں قونصل خانے ہیں جن میں شنگھائی، شنیانگ، ووہان، چونگزو اور چینگڈو شامل ہیں۔ امریکہ کا چین کے غیر مختار علاقے ہانگ کانگ میں بھی ایک قونصل خانہ ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے منگل کو ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ چین کے ایجنٹس ٹیکساس میں میڈیکل اور دیگر ریسرچ کو چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو امریکہ کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی تردید کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کا پل اب ٹوٹ چکا ہے۔ امریکہ کو قونصل خانہ بند کرنے کا جواب دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG