رسائی کے لنکس

چین کو خفیہ معلومات فراہم کرنے پر بھارتی نژاد انجنیئر کو 32 سال قید


بھارتی نژاد امریکی شہری نوشر گوادیا کا ماوی، ہوائی میں گھر۔
بھارتی نژاد امریکی شہری نوشر گوادیا کا ماوی، ہوائی میں گھر۔

امریکی ریاست ہوائی کی ایک عدالت نے اسلحے کے ایک سابق امریکی ڈیزائنر کو حساس دفاعی معلومات چین کو فروخت کرنے کے الزام میں 32 سال قید کی سزاسنائی ہے۔

بھارتی نژاد نوشر گوادیا کوپچھلے سال اگست میں 40 دن کی سماعت کے بعد مجرم ٹہرایا گیا تھا۔ پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ بھارت میں پیدا ہونے والے انجنیئر گوادیا نے ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے والا ایک ایسا کروز میزائل بنانے میں چین کو مدد فراہم کی تھی جو امریکہ کے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے خلاف موثر ہے۔

امریکی پراسیکیوٹرز کا کہناہے کہ گوادیا نے ان معلومات کے عوض چین سے ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ وصول کیے تھے جو انہوں نے سمندر کے کنارے واقع اپنے پرآسائش گھر کا قرضہ چکانے میں استعمال کیے۔

پیر کے روز فیڈرل جج سوزن اوکی مول وے نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ 66 سالہ گوادیا خود کو بے قصور ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ اگر انہیں رہا کردیا گیا تو وہ اپنا یہ عمل دوہراسکتے ہیں ۔

گوادیا تقریباً 20 سال تک نارتھ روپ گرمان کارپوریشن میں ملازمت کرتے رہے جہاں انہوں نے ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے والے بی ٹو کے ڈیزائن میں مدد دی تھی۔

اس مقدمے میں پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ وہ 2003 اور2005 کے دوران کئی بار چین گئے جہاں انہوں نے کروز میزائل کے ڈیزائن کی تیاری اور اس کے ٹیسٹ سے متعلق ڈیٹا کے تجزیے میں چینیوں کی مدد کی۔

گوادیا کے وکلاء کا کہناتھا کہ ان کے موکل نے چینیوں کو کروزمیزائل کے ایگزاسٹ سسٹم کا ڈیزائن فراہم کیا تھا اور یہ کہ اس ڈیزائن پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی اور اس کے بارے میں کھلے عام معلومات دستیاب تھیں۔

XS
SM
MD
LG