رسائی کے لنکس

امریکہ میں دس مبینہ روسی جاسوس گرفتار


امریکی وزارت انصاف نے روس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں 10افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گذشتہ اتوار کو حراست میں لیے گئے اِن افراد میں سے آٹھ پر الزام ہے کہ وہ طویل عرصے سے امریکہ میں روس کے لیے جاسوسی کر رہے تھے۔ مجموعی طور پر گیارہ افراد اِس کام میں ملوث تھے جن میں سے امریکی حکام کے مطابق ایک مبینہ روسی جاسوس کی گرفتاری ابھی عمل میں نہیں آئی ہے۔

وزارت انصاف نے عدالت میں جو دستاویزات پیش کی ہیں اُن میں زیر حراست افراد کو”غیر قانونی“ بیان کیا گیا ہے جن کا مقصد اپنے آپ کو اس حد تک امریکی روپ میں ڈھالنا تھا جس سے اُنھیں روس کے لیے امریکہ کے بارے میں معلومات جمع کرنے میں آسانی ہو۔

امریکی حکام کے مطابق روس کی خفیہ ایجنسی نے اِن مبینہ جاسوسوں کو امریکہ میں پالیسی ساز حلقوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا اہم مشن سونپا تھا۔ اِن افراد کو نیویارک، نیو جرسی اور ورجینیا کی ریاستوں سے گرفتار کیا گیا اور اِن پر غیر ملکی حکومت کے لیے امریکہ کے خلاف کام کرنے کی سازش کا الزام لگایا گیا ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزاپانچ سال قید ہے۔

زیر حراست افراد میں دو پر منی لانڈرنگ کا الزام بھی لگایا گیا ہے اور جرم ثابت ہونے پر انھیں امریکی قوانین کے مطابق 20 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

ادھر روسی وزارت خارجہ نے امریکی الزامات کو ’’بے بنیاد‘‘ قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

منگل کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں وزارت خارجہ نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ یہ الزامات ایسے وقت عائد کیے گئے ہیں جب امریکی حکومت نے سرد جنگ کی ان مخالف طاقتوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کی دعوت دے رکھی ہے۔


XS
SM
MD
LG