رسائی کے لنکس

چین: سمندری طوفان سے نمٹنے کی تیاریاں آخری مراحل میں


فلپائن میں ہونے والی تباہی کا ایک منظر
فلپائن میں ہونے والی تباہی کا ایک منظر

چین کے جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں حکام سمندری طوفان ’نان ماڈول‘ سے نمٹنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو تائیوان اور فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد منگل کی شب چینی ساحلوں سے ٹکرائے گا۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کے پیشِ نظر خلیجِ تائیوان پر واقع شہر چوانزو میں 40 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل امدادی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کھلے سمندر میں موجود ہزاروں ماہی گیروں کو صوبہ فوجیان کی بندرگاہ پر واپس پہنچنےکی ہدایات جاری کی گئی ہیں جب کہ حکام نے تائیوان اور چین کے درمیان بحری جہازوں کی آمد و رفت بھی معطل کردی ہے۔

ممکنہ متاثرہ علاقوں میں کچھ پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں جب کہ حکام نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں چلنے والی ’بلٹ ٹرینوں‘ کی رفتار میں کمی یا سروس کی مکمل معطلی کا بھی امکان ہے۔

پیر کو تائیوان سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے تاہم اب بھی اس کے زیرِ اثر 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن کے باعث چینی ساحلوں پر سمندر کی لہریں ساڑھے تین میٹر تک بلند ہوسکتی ہیں۔

پیر کو ’نان ماڈول‘ تائیوان کی گنجان ترین آبادیوں سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں سینکڑوں گھر تباہ اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا تھا۔ طوفان کے باعث ایک کھڑکی کا شیشہ اڑ کر لگنے سے ایک موٹر سائیکل سوار بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

اس سے قبل طوفان اپنی پوری شدت سے فلپائن سے ٹکرایا تھا جہاں اس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG