رسائی کے لنکس

چین: بیسویں صدی کا آرٹ نمونہ 65 ملین ڈالرز میں فروخت


مذکورہ تصویر چین کے معروف مصور کی بائشی نے 1946 میں مکمل کی تھی جس میں خوبصورت چینی خطاطی سے بنائے گئے ایک عقاب کو ایک درخت پر محوِ پرواز دکھایا گیا ہے

بیسویں صدی کے ایک معروف چینی مصور کی بنائی ہوئی تصویر بیجنگ میں ہونے والی ایک نیلامی میں ریکارڈ چھ کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کےعوض نیلام ہوگئی ہے۔

بیجنگ کے ایک مقامی نیلام گھر کی جانب سےگزشتہ روز فروخت کی گئی اس پینٹنگ کے نئے مالک کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مذکورہ تصویر چین کے معروف مصور کی بائشی نے 1946 میں مکمل کی تھی جس میں خوبصورت چینی خطاطی سے بنائے گئے ایک عقاب کو ایک درخت پر محوِ پرواز دکھایا گیا ہے۔ عہدِ جدید کے مقبول ترین مصور کے بائشی مذکورہ تصویر کی تخلیق کے 11 برس بعد 1957 میں 93 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

دورِ جدید کے کسی بھی چینی مصور کے فن پارے کے عوض ادا کی جانے والی یہ اب تک کی سب سے بھاری قیمت ہے۔

مذکورہ فن پارے کی اتنے مہنگے داموں فروخت یہ ظاہر کرتی ہے کہ چین میں تیزی سے آتی ہوئی معاشی خوشحالی کی بدولت ایسے دولت مندوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو آرٹ کے نمونوں کو مہنگے داموں خرید کر اپنے گھروں اور مجموعوں کی زینت بنانے کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ چین نے حال ہی میں امریکہ اور برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آرٹ کے نمونوں کی امیر ترین مارکیٹ ہونےکا اعزاز حاصل کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG